نئی دہلی// پی ایم نریندر مودی کی ڈگری پر جاری تنازعہ میں اب ایک نیا موڑ آ گیا ہے۔ مودی کا دعوی ہے کہ انہوں نے سال 1978 میں دہلی یونیورسٹی کے اسکول آف اوپن لرننگ (ایس او ایل) سے گریجویشن کیا ہے لیکن ایس او ایل نے جواب دیا ہے کہ اس کے پاس اس سال سے متعلق کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ ایک آر ٹی آئی کے جواب میں یونیورسٹی نے بتایا ہے کہ یہ اعداد و شمار ہمارے پاس موجود نہیں ہیں۔ یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ وہ صرف ایک سال پہلے کا ہی ڈیٹا اپنے پاس رکھتی ہے۔ آر ٹی آئی میں سال 1978 میں بی اے کرنے والے تمام طلباء و طالبات کا ریکارڈ مانگا گیا تھا۔سینٹرل پبلک انفارمیشن آفیسر (سی پی آئی او) میناکشی سہائے کے مطابق، یونیورسٹی کے ڈین (امتحان)، او ایس ڈی (امتحان) اور جوائنٹ رجسٹرار (ڈگری) سے حاصل معلومات کے مطابق یونیورسٹی میں پڑھائی کرنے والے طالب علم کی معلومات ایک نجی معلومات ہے، جسے عوامی نہیں کیا جا سکتا۔