سرینگر // وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاستوں کوجی ایس ٹی نظام کی کامیاب عمل آوری کے لئے مبارک باد پیش کی اور ملک کی تمام ریاستوں کے چیف سیکرٹریوں کو جی ایس ٹی کے تحت اندراجات میں مزید سرعت لانے کے لئے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دینے کے لئے کہا۔ وزیر اعظم نے اس کا اظہار پرگتی اقدام کے تحت فلیگ شِپ مرکزی پروجیکٹوں پر جاری کام کا جائیزہ لینے کے لئے مختلف وزارتوں کے مرکزی سیکرٹریوں اور ریاستوں کے چیف سیکرٹریوں کے ساتھ اپنی ماہانہ ویڈیو کانفرنس کے دوران کیا۔ جموں وکشمیر کے چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے بھی ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔وزیر اعظم نے چیف سیکرٹریوں کو مواد اور دیگر سپلائیز کے حصول کے لئے تمام محکموں کو گورنمنٹ ای مارکیٹنگ پورٹل کے موثر استعمال کے لئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ جی ای ایم ایک شفاف میکانزم ہے جس کے ذریعے وقت ضائع کئے بغیر اعلیٰ معیار کی سپلائیز حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے چیف سیکرٹریوں کو اس ضمن میں جاری کام کا جائزہ لے کر مرکزی کابینہ سیکرٹری کو رپورٹ پیش کرنے کے لئے کہا۔ وزیر اعظم نے ریلوے اور سڑک ٹرانسپورٹ و ہائی ویز سے متعلق مختلف مرکزی پروجیکٹوں پر جاری کام اور سمارٹ سٹی مشن پر جاری کام کا بھی جائیزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ سمارٹ سٹی مشن میں ریاستوں کی شمولیت کافی حوصلہ افزاء ہے اور اس مشن کے تحت 90 شہروں کو منتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے چیف سیکرٹریوں کو اس ضمن میں باقاعدہ جائیزہ میٹنگوں کا انعقاد کرنے کے لئے کہا تا کہ سمارٹ سٹی مشن کی عمل آوری میں درپیش کسی بھی رکاوٹ کو فوری طور دور کیا جاسکے۔