عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو جموں و کشمیر کو سیلاب اور بارشوں کے چیلنجوں کے باوجود کھیلوں کے شعبے میں اہم سنگ میل حاصل کرنے کے لیے سراہا۔اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام’ من کی بات‘ کے 125ویں ایپی سوڈ کو پیش کرتے ہوئے، پی ایم مودی نے کہا کہ اس خطے نے حال ہی میں تاریخی اہمیت کے واقعات کا مشاہدہ کیا، بشمول رائل پریمیئر لیگ (آر پی ایل) اور ڈل جھیل میں ملک کا پہلا کھیلو انڈیا واٹر اسپورٹس فیسٹیول۔انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح پلوامہ نے آر پی ایل کے حصے کے طور پر پہلے ڈے نائٹ کرکٹ میچ کی کامیابی سے میزبانی کی۔ “ہزاروں لوگ، خاص طور پر نوجوان، پلوامہ میں رات کو کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہے تھے ،یہ دیکھنے کے لیے ایک منظر تھا،” ۔مودی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سٹیڈیم میں جوش و خروش بے مثال تھا۔وزیر اعظم نے سرینگر میں منعقدہ واٹر سپورٹس فیسٹیول کی مزید تعریف کی، جہاں ہندوستان بھر سے 800 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جن میں خواتین بھی مردوں کے برابر تعداد میں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش نے سب سے زیادہ تمغے حاصل کیے، اس کے بعد ہریانہ اور اڈیشہ کا نمبر آتا ہے۔اپنے خطاب کے دوران، مودی نے دو شرکا کے ساتھ اپنی بات چیت کا اشتراک کیا – اڈیشہ سے تعلق رکھنے والی رشمیتا ساہو، جس نے 2017 سے اب تک 41 تمغے جیتے ہیں، اور سری نگر کے محسن علی، جنہوں نے میلے میں سونے کا تمغہ جیتا اور آنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ کشمیر کی مہمان نوازی کی بات کی۔پی ایم مودی نے تمام ایتھلیٹس کو مبارکباد دی اور گرمجوشی اور لگن کے ساتھ ان تاریخی ایونٹس کی میزبانی کرنے پر جموں و کشمیر کی حکومت اور عوام کی ستائش کی۔