پناجی// وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے باشندوں سے درخواست کی کہ ملک سے بدعنوانی اور غیر قانونی کمائی کا صفایا کرنے میں ان کی مدد کے لئے 50 دنوں کی مہلت درکار ہے ۔یہاں شیاما پرساد مکھرجی اسٹیڈیم میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرانے نوٹ بندی کی مہم کالا دھن اور بدعنوانی کے خلاف ان کے مشن کا اختتام نہیں ہے ۔نریندر مودی نے کہا کہ "مجھے معلوم ہے کہ میں نے کس قسم کی طاقتوں کے خلاف لوہا لیا ہے ۔مجھے یہ بھی پتہ ہے کہ اب کس طرح کے لوگ میرے خلاف آئیں گے ۔میں صرف اسی چیز کو لوٹ رہا ہوں جو انہوں نے 70 برسوں میں غیر قانونی طورپر حاصل کرلئے تھے ۔ وہ مجھے زندہ نہیں چھوڑیں گے اور وہ مجھے تباہ کردیں گے ۔ لیکن وہ جو چاہیں انہیں کرنے دیں، آپ صرف 50 دنوں تک مجھے اپنا تعاون دیں۔قوم کو مجھے صرف 50 روز کے لئے اپنی مدد دینی چاہئے "۔ انہوں نے کہا کہ "نوٹ بندی کی کارروائی بدعنوانی کے خلاف ہماری مہم کا اختتام نہیں ہے ۔میں کھلے عام کہہ رہا ہوں کہ یہ ملک میں بدعنوانی کے مکمل خاتمے کی کارروائی نہیں ہے ۔ اس کے صفایا کے لئے میرے ذہن میں اور بھی پروجیکٹ ہیں ۔ ان پروجیکٹوں کو جلد ہی شروع کیا جائے گا۔