کٹرہ اور چسوتی کا فضائی معائنہ اور ریلیف پیکیج کا اعلان ممکن
سرینگر//ہماچل پردیش میں منگل کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد، وزیر اعظم نریندر مودی آنے والے دنوں میں جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے تاکہ سیلاب کی صورتحال اور بادل پھٹنے، بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیں۔بی جے پی کے سینئر رہنما اور جنرل سکریٹری اشوک کول نے خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا، “پی ایم مودی حالیہ قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ کے لیے جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے۔”انہوں نے کہا، ان کے دورہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ نقصانات کا جائزہ لینے کے علاوہ پی ایم مودی لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ کٹرا کا فضائی سروے بھی کریں گے، جہاں گزشتہ ماہ ویشنو دیوی کے راستے میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 35 سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی ضلع کشتواڑ کے چسوتی گا ئوں کا فضائی سروے بھی کریں گے جہاں پہاڑوں کے اندر واقع بستی میں مٹی کے تودے گرنے سے 60 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو گئی۔ یہ باور کیا جارہا ہے کہ”وزیراعظم مودی جموں و کشمیر میں سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی امدادی پیکیج کا اعلان بھی کر سکتے ہیں۔”دریں اثنا، پی ایم مودی نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے منگل کو ہماچل پردیش کا دورہ کیا۔وزیر اعظم نے سب سے پہلے ہماچل پردیش کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا۔مرکزی حکومت نے پہلے ہی بین وزارتی مرکزی ٹیم کو جموں و کشمیر کا دور کر کے صورتحال کا جائزہ لینے پر مامور کردیا ہے۔