عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے وادی کشمیر میں پہلی مال بردار ٹرین کی آمد کی ستائش کی ہے، جو اس خطے کو قومی مال بردار نیٹ ورک سے منسلک کرنے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ جموں و کشمیر میں ترقی اور خوشحالی دونوں کو بڑھا دے گی۔وزیر اعظم نے ایکس پر پوسٹ کیا”جموں اور کشمیر میں تجارت اور کنیکٹیویٹی کے لیے بہترین دن،یہ ترقی اور خوشحالی دونوں میں اضافہ کرے گا” ۔ریلوے کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ کشمیر کے لیے گڈز ٹرین ایک سنگ میل ہے۔وشنو نے ایکس پر کہا”آج 9اگست کوپہلی مال بردار ٹرین پنجاب سے وادی کشمیر میں نئے شروع ہونے والے اننت ناگ گڈز شیڈ پر پہنچی، جو کشمیر کو قومی مال بردار نیٹ ورک سے منسلک کرنے میں ایک اہم سنگ میل ہے،” ۔انہوں نے مزید کہا کہ “ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے نقل و حمل وادی کشمیر میں رہنے والے ہمارے شہریوں کے لیے لاگت کو کم کرے گا۔