یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز بی جے پی اراکین سے کہا ہے کہ وہ پارٹی کی لوک سبھا انتخابی مہم کو حکومت کی ترقی اور غریبوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات کے ساتھ ساتھ ملک کی عالمی سطح پر حیثیت کو بڑھانے کے اقدامات کے ارد گرد بنائیں، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ 370 سیٹیں جیتنا اس کے اہم نظریہ ساز شیاما پرساد مکھرجی کو حقیقی خراج عقیدت ہے۔ مودی نے کہا، 370 بی جے پی کے لیے محض ایک نمبر نہیں ہے، یہ ایک گہرے جذبات کی علامت ہے، مکھرجی نے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے لیے ہماری قوم کی یکجہتی اور سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے حتمی قربانی دی، انہیں حقیقی خراج عقیدت کے طور پر بی جے پی کو 370 سیٹوں پر جیت حاصل کرنی چاہئے‘‘۔ کنونشن کے آغاز سے پہلے بی جے پی کے قومی عہدیداروں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ہر کارکن کو اگلے 100 دنوں میں پولنگ بوتھوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے، جس مدت میں آئندہ لوک سبھا انتخابات ختم ہونے کا امکان ہے۔ 2019 کے مقابلے میں ہر پولنگ اسٹیشن پر پارٹی کے لیے کم از کم 370 زیادہ ووٹ یقینی بنائیں۔پارٹی جنرل سکریٹری ونود تاوڑے نے نامہ نگاروں کو وزیر اعظم کی رہنمائی کے نکات کی معلومات دی۔وزیر اعظم نے کہا کہ بی جے پی کو 370 اور نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کو 400 تک لے جانے کا ہدف صرف ایک اعداد و شمار نہیں ہے ۔ انہوں نے تمام کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ کنول کی جیت کے لیے کمر بستہ ہو جائیں۔ ہر بوتھ پر بی جے پی کارکنان کو چاہئے کہ وہ اگلے 100 دنوں تک پچھلی بار حاصل کئے گئے ووٹوں میں کم از کم 370 ووٹ کا اضافہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پہلی بار رائے دہندگان بنے ہیں، انہیں پوری طاقت کے ساتھ بی جے پی کے حق میں ووٹ دینے کی ترغیب دی جائے۔ خواتین کو محض ووٹر نہ سمجھا جائے بلکہ ماؤں اور بہنوں کا آشیرواد حاصل کریں۔ مودی نے خود حکومت کے آئینی سربراہ کے طور پر 23 سال مکمل کر لیے ہیں اور اس پوری مدت کے دوران ان کے خلاف بدعنوانی کا کوئی الزام نہیں لگا ہے۔ اس بات کوعوام تک پہنچانا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن ‘تو تو میں میں’ کی سیاست کرے گی اور غیر ضروری الزامات کی کیچڑ اچھالے گی لیکن ہمیں غریبوں کے فلاحی کاموں اور ترقیاتی کامیابیوں کی بنیاد پر عوامی حمایت حاصل کرنی ہے۔