سرینگر// سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے لیڈرپروفیسر سیف الدین سو زنے کہا کہ لوک سبھا میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کشمیر پر سردار پٹیل کے نظریات کے سلسلے میں جو بیان دیا ہے وہ تواریخی شواہد کے بالکل برعکس ہے۔ سوز نے کہا’اس تناظر میں ، میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میری آنے والی کتاب جس میں ،میں نے اس حوالے سے مکمل تفصیل دی ہے کہ کس طرح سردار پٹیل نے بھرپور کوشش کی تھی کہ کشمیر پاکستان کا حصہ بن جائے اور پاکستان حیدر آباد دکن کی بات نہ کرے کیونکہ وہ ریاست نہ تو ریل سے اور نہ ہی سڑک سے پاکستان کے ساتھ جڑی ہوئی تھی‘۔سوز نے کہا کہ مودی کو پھر سے ہندوستان کی جنگ آزادی کی تاریخ کا بھر پور مطالعہ کرنا چاہئے اور دیکھنا چاہئے کہ جواہر لعل نہرو کا سردار پٹیل اور مہاتما گاندھی کے ساتھ کس طرح کے تعلقات تھے۔