جموں// جموں صوبے کے 86,000 کسانوں کوکراپ انشورنس سکیم کے تحت لایا گیا ہے جبکہ کشمیر صوبہ میں ابھی تک یہ سکیم شروع نہیںکی گئی ہے۔چیف سیکرٹری بی بی وِیاس نے ریاستی سطح کی کراپ انشورنس کے سلسلے میں قائم کی گئی کمیٹی کی پانچویں میٹنگ کی سول سیکرٹریٹ میں صدارت کی جو پردھان منتری فصل بیمہ یوجناکے تحت چلائی جارہی ہے ۔میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ، فائنانشل کمشنر نوین چودھری، پرنسپل سیکرٹری زراعت پروڈکشن سندیپ کمار نائیک ، فائنانشل کمشنر مال لوکیش جہا، سی جی ایم نبارڈ ، ایس کے مجمدرکے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔چیف سیکرٹری نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ جموں وکشمیر میں فصل کے نقصان یا پیداوار کے سلسلے میں رونما ہونے والے واقعات کا ایک فہرست ترتیب دیں، ساتھ میں پریمیم کی ممکنہ شرح کی تجویز بھی فراہم کریں۔انہوںنے کہا کہ ہم اس سلسلے میں سینٹرل انشورنس کمپنیوں کی خدمات بھی دو برسوں کے لئے لے سکتے ہیں ۔ایس ایل سی سی آئی کی اگلی میٹنگ 5؍ اکتوبر کو منعقد ہوگی۔