عظمیٰ نیوز سروس
جموں//مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ جموں صوبے میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال پر وزیر اعظم نریندر مودی خود ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں اور باقاعدگی سے تازہ صورتحال کی رپورٹ حاصل کر رہے ہیں۔ڈاکٹر سنگھ نے بتایا کہ وہ مسلسل صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار کے ساتھ رابطے میں ہیں، جو مختلف محکموں کے اعلی افسران کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے ایکس پر لکھا کہ جموں صوبے میں بارشوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے، دریائے توی کا پانی اگرچہ کم ہو چکا ہے لیکن دریائے چناب اب بھی خطرے کے نشان کے قریب بہہ رہا ہے۔مرکزی وزیر کے مطابق ترجیحات میں سب سے اہم بجلی، پانی اور موبائل سروسز کی فوری بحالی ہے جس پر متعلقہ محکمے رات دن کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، نیم فوجی دستے، فوج اور ائیر فورس مکمل ہم آہنگی کے ساتھ سول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں صوبے کے تمام اسکول اور کالج بند رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ انہوں نے اس موقع پر تاریخی مادھو پل کو پہنچنے والے شدید نقصان کا بھی ذکر کیا۔ یہ وہی پل ہے جہاں 11 مئی 1953 کو ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ پل پر آج صبح تین بجے سے ٹریفک کی آمدورفت مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔مرکزی وزیر نے عوام پر زور دیا کہ وہ خوفزدہ ہوئے بغیر انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے ہر ضلع میں ہیلپ لائن نمبرز جاری کئے گئے ہیں تاکہ لوگوں کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ڈاکٹر سنگھ نے مزید کہا کہ حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ عوام کو محفوظ رکھا جائے اور جلد از جلد معمولاتِ زندگی بحال ہوں۔