وزیر اعظم خصوصی وظیفہ سکیم

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
 سرینگر //ریاست جموں و کشمیر کیلئے وزیر اعظم خصوصی وظیفہ سکیم ( پی ایم ایس ایس ایس ) کے دوسرے مرحلے کی کونسلنگ کے بعد مختلف تکنیکی اور جنرل کورسز کیلئے 3193 نشستیں پُر کی گئی ہیں ۔ کونسلنگ بیک وقت امر سنگھ کالج سرینگر ، گورنمنٹ زنانہ کالج گاندھی نگر جموں اور گورنمنٹ ایلیزر جولدان میموریل کالج لہیہ میں منعقد ہوئی ۔ جو نشستیں پُر کی گئیں اُن میں انجینئرنگ کی 2606 ، جنرل کورس کی 487 اور میڈیکل و ڈینٹل کورس کی 100 نشستیں شامل ہیں ۔ تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ وہ خصوصی زمرے کی اُن نشستوں ، جن کو پُر نہیں کیا گیا ہے ، کو عمومی زمرے میں تبدیل کرنے کا معاملہ اے آئی سی ٹی ای کے ساتھ اٹھائیں گے تا کہ اس برس تمام نشستیں پوری کی جا سکیں اور ریاست کے طالب علموں کو پی ایم ایس ایس ایس سے بھر پور استفادہ ہو ۔ پی ایم ایس ایس ایس کے تحت ریاست جموں کشمیر کے طالب علموں کو جنرل کورس میں 30 ہزار روپے فی طالب علم تک  کا وظیفہ دیا جاتا ہے جبکہ انجینئرنگ کیلئے سالانہ 1.25 لاکھ روپے فی طالب علم اور میڈیکل /ڈینٹل کورس کیلئے 3 لاکھ روپے فی طالب علم سالانہ کا وظیفہ دیا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ ہر طالب علم کو اضافی اخراجات کیلئے ایک لاکھ روپے سالانہ بھی دیا جاتا ہے ۔ 
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *