یو این آئی
جموں// وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ کشتواڑ کے چسوتی گاؤں میں بادل پھٹنے کے بعد جاری ریسکیو آپریشن دن رات کی بنیاد پر جاری ہے ، اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو مرکز کی جانب سے بھرپور مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ڈاکٹر سنگھ نے ہفتے کو جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ وزیر اعظم خود اس سانحہ کے بارے میں یومیہ بنیادوں پر معلومات حاصل کر رہے ہیں اور متاثرین کو ہر ممکن مدد پہنچانے پر زور دے رہے ہیں۔مرکزی وزیر کے مطابق اب تک 53 افراد کی لاشیں ملبے سے نکالی جا چکی ہیں، جن میں سے چار کی شناخت ہونا باقی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملبے کے نیچے مزید کتنے لوگ دبے ہوئے ہیں، اس بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، تاہم اتنا طے ہے کہ اُس وقت جائے حادثہ پر تقریباً دو سو افراد موجود تھے جن میں سے کئی افراد پانی کے ریلوں میں بہہ گئے ۔ ان کے بارے میں تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) جموں کا بھی دورہ کیا جہاں وہ زخمیوں سے ملے ۔ اس موقع پر ڈاکٹروں نے انہیں مریضوں کی حالت سے آگاہ کیا۔ وزیر نے کہا کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جائے گی اور ان کے علاج میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔