سرینگر // وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے وزیر ا علیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کے دوران انہیں یقین دلایا کہ مرکز امدا د اور بچائو کارروائیوں میں ریاستی انتظامیہ کی مدد کیلئے تیار ہے۔وزیر اعظم نے جمعہ کی صبح محبوبہ مفتی کے ساتھ فون پر بات کرنے کے دوران کشمیر وادی اور ریاست کے دیگر کچھ علاقوں میں پید ا شدہ سیلابی صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ وزیر اعظم نے سماجی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں اس بات کی جانکاری فراہم کی کہ انہوں نے کشمیر اور ریاست کے دیگر کچھ علاقوں میں حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہوئی سیلابی صورتحال سے متعلق وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی سے جانکاری حاصل کی۔ وزیر اعظم نے محبوبہ مفتی کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ مرکزی حکومت ریاست کو سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر ممکنہ تعاون اور مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ وزیر اعلیٰ نے وزیرا عظم کا اس کے لئے شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ نے انہیں مسلسل بارشوں اور حالیہ برفباری کی وجہ سے وادی میں بنیادی ڈھانچے ، سڑکوں اور باغبانی شعبے کو ہوئے نقصانات کے بارے میں جانکاری دی۔مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے بھی محبوبہ مفتی کے ساتھ بات کی اور ریاست جموں وکشمیر کو ناساز گار موسمی حالات کی وجہ سے اُبھرتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مرکز کے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ادھر محبوبہ مفتی نے شہر سرینگر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے وہاں نکاسی آب کے کام کا موقعہ پر ہی جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ نے لال چوک ، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ ، مہاراجہ بازار ، گوگجی باغ ، جواہر نگر ، ہمہامہ ، راجباغ اور کچھ دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوںنے ہمہامہ اور گوگجی باغ جیسے علاقوں میں پانی کو جلد از جلد باہر نکالنے کے لئے اضافی پمپ کام پر لگانے کی ہدایت دی۔محبوبہ مفتی نے دریائے جہلم کے کچھ مقامات کے علاوہ رام باغ اور برزلہ میں فلڈ چینل کا بھی دورہ کیا اور وہاں پانی کی سطح کا جائزہ لیا۔ انہوںنے فلڈ کنٹرول محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ پانی کی سطح میں کمی رونما ہونے کے باوجود بھی دریا ئے جہلم اور دیگر اہم ند ی نالوں کے کناروں کی مسلسل پیٹرولنگ کر کے انتہائی چوکسی برتیں ۔