عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// مرکزی حکومت نے پردھان منتری آواس یوجنا گرامین کے ایک خصوصی پروجیکٹ کے تحت جموں و کشمیر میں 5,061 مکانات کی تعمیر کو منظوری دی ہے، جس کا مقصد ان خاندانوں کو راحت فراہم کرنا ہے جن کے مکانات دیہی علاقوں میں حالیہ قدرتی آفات میں تباہ ہوئے تھے۔ محکمہ دیہی ترقی کے عہدیداروں نے کہا کہ منظور شدہ ہا ئوسنگ یونٹس کو ترجیحی بنیادوں پر عمل میں لایا جائے گا تاکہ متاثرہ خاندانوں کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس سکیم سے توقع ہے کہ نہ صرف پناہ گاہیں بحال ہوں گی بلکہ تعمیر سے منسلک مقامی روزگار کی حمایت کرتے ہوئے دیہی معاش کو بھی تقویت ملے گی۔اس اعلان کا مقامی لوگوں اور پنچایت کے نمائندوں نے خیرمقدم کیا ہے، جنہوں نے اسے ان لوگوں کے لیے ایک بروقت اقدام قرار دیا جو اس سال کے شروع میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ میں اپنے گھر کھو چکے تھے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا”میں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر دیہی ترقی شیوراج سنگھ چوہان کا 5,061 مکانات کی تعمیر کی منظوری دینے کے لیے شکر گزار ہوں جنہیں دیہی علاقوں میں حالیہ قدرتی آفات کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے۔ وزیر اعظم آواس یوجناکے خصوصی پروجیکٹ کے تحت اس منظوری سے ہزاروں گھرانوں کی زندگیوں میں تحفظ اور استحکام آئے گا۔ ایل جی نے ایک بیان میں کہا کہ معاشی استحکام کو بحال کرنے سے خاندان کی فلاح و بہبود میں نمایاں بہتری آئے گی‘‘۔