وزیر اعظم’مدراقرضہ‘ ا سکیم حصول روزگار کیلئے مددگار ثابت، جموں کشمیر میں26ہزارکیس منظور،531 زیر غور

بلال فرقانی

سرینگر// جموں کشمیر میں گزشتہ برس وزیر اعظم ’مدرا ‘(مائکرو یونٹس ڈیولپمنٹ اینڈ ری فائنانس ایجنسی) اسکیم کے تحت سرکار نے قریب26ہزار درخواستوں کو منظوری دی جبکہ صرف531درخواستوں کو زیر التواء رکھا گیا۔ جموں کشمیرکے تمام اضلاع سے حکام کو مجموعی طور پر26ہزار 254درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے25 ہزار823 درخواستوں کو نپٹایا گیا اور صرف531 درخواستوں کو زیر غور رکھا گیا ہے۔ مائیکرو یونٹس ڈیولپمنٹ اینڈ ری فنانس ایجنسی لمیٹڈ ’غیر مالیاتی نیم خود مختار اداروں کی جانب سے مائیکر صنعتوں کی ترقی میں معاون شدہ اسکیم ہے۔ اس اسکیم کے تحت 10 لاکھ تک کے قرض کی ضرورت والے مائیکرو یونٹوں کو قرض دینے کیلئے سر نو مالیاتی معاونت فراہم کرتا ہے۔ اس اسکیم کے تحت کوئی بھی شہری جس کے پاس غیر زرعی آمدنی پیدا کرنے والی سرگرمی جیسے مینوفیکچرنگ، پروسیسنگ، تجارت و خدمات شعبہ جات کیلئے کاروباری منصوبوں کو قرضے فراہم کئے جاتے ہیں۔ڈی جی جی آئی رپورٹ کے مطابق جموں کشمیر میں گزشتہ برس11اضلاع میں صد فیصد درخواستوں کو نپٹایا گیاتاہم سرینگر واحد ایسا ضلع ہے جہاں نہ ہی کوئی درخواست موصول ہوئی تھی اور نہ ہی کسی درخواست کو منظوری دی گئی۔ اعدادو شمار بتاتے ہوئے کہا گیا کہ اننت ناگ ضلع میں تمام1270 درخواستوں کے علاوہ بانڈی پورہ میں تمام418،بارہمولہ میں2624بڈگام میں1046 ڈوڈہ میں411کولگام میں61اور کپوارہ میں سب سے زیادہ8800 مدرا درخواستوں کو منظوری دی گئی۔ ضلع بہتر انتظامیہ فہرست رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پونچھ میں تمام437،پلوامہ میں46،راجوری میں278اور شوپیاں سے سب سے کم تمام7درخواستوں کو بھی ہری جھنڈی دکھائی گئی۔ مارچ میں جاری ڈی جی جی آئی رپورٹ کے مطابق ضلع رام بن میں181درخواستوں میں سے179،گاندربل میں7183میں سے7101،سانبہ میں385میں 376اورادھمپور میں98میں سے95 درخواستوں کے حق میں مدرا قرضے منظور کئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق ضلع کھٹوعہ میں کل291درخواستوں میں278،جموں میں2028 درخواستوں میں1868،ریاسی میں302میں 252کشتواڑ میں 388میں 272درخواستوں کو نپٹایا گیا۔