جموں//گوجربکروال سٹوڈنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن نے وزیرجنگلات چوہدری لعل سنگھ پرضلع کٹھوعہ کی تحصیل مہرین راج باغ میں کرانڈی کھردگوجربستی میں گوجربکروال طبقہ کے لوگوںکوہراساں کرنے کاالزام عائد کیاہے۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گوجربکروال سٹوڈنٹس ویلفیئرایسوسی ایشن کی صدر نجمہ مشتاق نے کہاکہ کٹھوعہ کے راج باغ علاقہ میں کرانڈی کھردگوجربستی سے گوجربکروال لوگوں کوزبردستی نکالنے کیلئے وزیرجنگلات چوہدری لعل سنگھ مختلف حربے اپنارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیرموصوف کی ایماپر غنڈہ عناصرگوجربکروال کنبوں کودھمکیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گوجربکروال طبقہ سے تعلق رکھنے والے نورعلی کے کنبے سے زبردستی زمین ہتھیالی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیرجنگلات نورعلی کے کنبے کومختلف طریقوں سے ہراساں کررہاہے ۔اس دوران گوجربکروال ایسوسی ایشن کے رکن حق نوازنے کہاکہ پی ڈی پی۔بی جے پی مخلوط حکومت میں صوبہ جموں کے مختلف اضلاع میں آبادی گوجربکروال طبقہ کے لوگوں کوہراساں کیاجارہاہے جس کی مثال کٹھوعہ کے نورعلی کی ہے جس کی زمین کوزبردستی ہتھیایاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ وزیرموصوف کی طرف سے گوجربکروال طبقہ کے لوگوں کوہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اورایساہرگزبرداشت نہیں کیاجائے گا۔انہوں نے ریاستی وزیراعلیٰ اورریاستی گورنرسے مطالبہ کیاکہ وہ غیرقانونی طورپرنورعلی کی مالکی اراضی کوہتھیانے معاملہ کی سی بی آئی جانچ کرائی جائے ۔انہوں نے وزیرجنگلات لال سنگھ کے اثاثوں کی بھی جانچ کی مانگ کی۔انہوں نے کہاکہ لال سنگھ جیسے لیڈرسماج کے آپسی بھائی چارے کیلئے خطرہ ہیں اس لیے ان کووزارت سے برطرف کیاجاناچاہیئے۔