عازم جان
بانڈی پورہ //وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات ، ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے بانڈی پورہ کے گوجر اینڈ بکروال بوائز ہوسٹل میں کئی وفود سے ملاقات کی ۔وزیر موصوف کے ہمراہ قانون ساز یہ ممبرنذیر احمد خان ، نظام الدین بھٹ اور ہلال اکبر لون کے علاوہ ضلعی انتظامیہ بھی موجود تھی ۔اس دورے کا مقصد علاقے کے ترقیاتی مسائل کا براہ راست جائیزہ لینا تھا تا کہ سرکاری پالیسیوں کو علاقے کی اصل ضروریات اور ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا سکے ۔مقامی باشندوں ، طلبہ اور کمیونٹی رہنماؤں پر مشتمل وفود نے علاقے سے متعلق اہم مسائل جیسے کہ نوجوانوں کی بے روز گاری ، ناقص انفراسٹرکچر اور روزمرہ کی مشکلات اٹھائیں ۔ اجلاس کے دوران وفود نے علاقے کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور دیگر ضروری تقاضوں کو پورا کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا ۔ نمائندوں نے سڑکوں ، ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس ، صحت کی خدمات ، تعلیمی اداروں اور مواصلاتی نظام کو بہتر بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے پانی کی فراہمی ، بجلی کی تقسیم اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تا کہ مجموعی معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکے اور علاقے میں پائیدار معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکے ۔بات چیت میں جنگلات کے حقوق کے قانون کے نفاذ ، ثقافتی تحفظ اور تعلیم و انفراسٹرکچر میں جامع ترقی پر بھی توجہ دی گئی ۔وزیر موصوف نے شکایات کو غور سے سُنا اور وفود کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کا جائیزہ لیا جائے گا اور علاقے کی تیز رفتار اور جامع ترقی کیلئے جامع اور وقت کے پابند اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس سے قبل وزیر نے گوجر اور بکروال بوائز ہوسٹل کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ہوسٹل کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر کیا جائے ، خاص طور پر گوجر اور بکروال نوجوانوں کیلئے اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے سہولیات میں اضافہ ، رہائش کی گنجائش میں توسیع اور جدید سہولیات کی فوری ضرورت پر توجہ دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ تمام جدید سہولیات کی فراہمی ضروری ہے تا کہ موجودہ خلاء کو پُر کیا جا سکے اور طلبہ کی تعلیمی اور ذاتی ترقی کیلئے ساز گار ماحول کو فروغ دیا جا سکے ۔ انہوں نے قبائلی طلبہ کے رہائشی حالات اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے حکومتی عزم پر زور دیا ۔