سرینگر// تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے کل سونہ وار حلقہ کا تفصیلی دورہ کر کے مختلف محکموں کے تعمیراتی کاموں کا جائیزہ لیا ۔اُن کے ہمراہ ممبر اسمبلی سونہ وار محمد اشرف میر، چیف انجنیئر صحت عامہ اور دیگر افسران بھی تھے۔گُجر بستی، ملنار اور داچھی گام کے دورے کے دوران وزیر نے کہا کہ اس علاقے کو جانی والی مرکزی سڑک کی جلد میکڈیمائزیشن کی جائے گی۔ انہوں نے ناجائیز تجاوزات کو ہٹانے میں لوگوں سے تعاون طلب کیا۔وزیر موصوف نے کہا کہ سونہ وار حلقے میں سیاحت کی کافی گنجائش ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مختلف سرکاری سکیموں سے استفادہ کر کے اپنے لئے روز گار یونٹ قائم کرنے کی اپیل کی۔وزیر نے ڈرینوں کی صفائی کے احکامات دیئے۔ گانڈ تل دارا میں وزیر نے پایپیں بچھانے کی ہدایت دی۔ وزیر نے ہاورن میں لنک روڈ کی میکڈیمائزیشن کے کام کا بھی معائنہ کیا اور کام کے معیار پر اطمینان کااظہار کیا۔دورے کے دوران کئی وفود نے وزیر کو اپنی مشکلات سے آگاہی دلائی جن کے ازالہ کے لئے وزیر موصوف نے موقعہ پر ہی افسران کو ہدایت دی۔