ایس پی پانی نئے آئی جی کشمیر ،وی کے بردی ڈی آئی جی سرینگر اور امت کمار ڈی آئی جی جنوبی کشمیرمقرر
…}KAS امتحانات کے نصاب میں یو پی ایس سی کی طرز پر یکسانیت لانے کو منظوری
…} جووئنال جسٹس بورڈ کا قیام،8 پرنسپل مجسٹر یٹوں کی اسامیاں معرض وجود میں لائی گئیں
…} جی ایم سی سرینگر / جموں کے اکیڈیمک رجسٹرار کی اسامیوں کا درجہ بڑھایا گیا
…} پی ایچ سی حضرت بل کا درجہ بڑھانے کو منظوری
…} ہندواڑہ میں پرائیویٹ بی ایڈ کالج کھولنے کی منظوری
جموں// جموں میں منعقدہ کابینی میٹنگ میں کئی انتظامی امور سے متعلق فیصلے لئے گئے جن میں سول و پولیس افسران کے تبادلے اور تقرریاں شامل ہیں ۔کابینی میٹنگ میں اعلیٰ سول و پولیس افسران کے تبادلے عمل میں لانے کے علاوہ کئی افسران کوی ترقیوں کو منظوری دی گئی ۔جمعرات کو وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی صدارت میں منعقدہ کابینہ میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لئے گئے جن میں آئی جی کشمیر کے عہدے کیلئے ایس پی پانی کو مقرر کیا گیا جبکہ ڈاکٹر سمیر متو کو ڈائریکٹر ہیلتھ جموں تعینات کیا گیا ۔کابینہ میٹنگ میں فیصلہ لئے جانے کے بعد محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری حکمنامے کے مطابق 12آئی پی ایس افسران کے تبادلے و تقرریاںعمل میں لائی گئی ہیں جس میں ڈائر یکٹر جنرل، ایڈیشنل ڈی جی، آئی جی پی اور ڈی آئی جی سطح کے افسران شامل ہیں۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری آرڈر نمبر 210ہوم مورخہ 8فروری 2018کی روٗ سے دلباغ سنگھ کو جیلخانہ جات کا ڈائریکٹر جنرل تعینات کیا گیا ہے وہ ایس کے مشرا کی جگہ لیں گے جنہیں جے کے پولیس ہائوسنگ کارپوریشن کا چیئر مین و منیجنگ ڈائریکٹر بنایا گیا ہے ۔ منیر احمد خان ایڈیشنل ڈی جی پی ، جن کے پاس آئی جی پی کشمیر کا چارج بھی تھا ، کو تبدیل کر کے اے ڈی جی پی ہوم گارڈ و سیکورٹی کی خالی اسامی پر تعینات کیا گیا ہے ۔ دنیش رانا ایم ڈی پولیس ہائوسنگ کارپوریشن شفقت وٹالی کی جگہ پر آئی جی پی آرمڈ جموں ہوں گے، جب کہ شفقت وٹالی آئی جی پی آرمڈ کشمیر تعینات کئے گئے ہیں۔ آئی جی پی آرمڈ کشمیر افہاد المجتبیٰ 28فروری کو الوک پوری کی ریٹائرمنٹ کے بعد آئی جی پی کرائم کا عہدہ سنبھالیں گے ۔جگجیت کمار آئی جی پی ٹریفک کو آئی جی پی ٹیکنیکل تعینات کیاگیا ہے ۔ایس پی پانی کو آئی جی پی کشمیر تعینات کیا گیا ہے ، بسنت کمار رتھ کو آئی جی پی ٹریفک ، ودھی کمار بردی ڈی آئی جی نارتھ کو ڈی آئی جی سنٹرل کشمیر تعینات کیا گیا ہے ، وہ 28فروری کو غلام حسن بٹ کی سبکدوشی کے بعد اس عہدہ کا چارج سنبھالیں گے۔ امیت کمار ایس ایس پی سی آئی ڈی جموں کو انچارج ڈی آئی جی سائوتھ کشمیر رینج اننت ناگ تعینات کیا گیا ہے ۔ سنیل گپتا ایس ایس پی سی آئی ڈی کائونٹر انٹلی جنس کشمیر کو انچارج ڈی آئی جی نارتھ کشمیر رینج بارہمولہ تعینات کیا گیا ہے وہ ودھی کمار بردی کی جگہ لیں گے۔کابینی فیصلے کے مطابق 2005 بیچ کے آئی اے ایس افسروں کو ترقی دینے کو منظوری دی گئی۔ان افسران میں ایم راجو، منظور احمد لون اور بشیر احمد بٹ شامل ہیں جنہیںیکم جنوری2018 سے آئی اے ایس کا سلیکشن گریڈ دیا گیا ہے۔2014 آئی اے ایس بیچ کے3 افسروں کو یکم جنوری2018 سے سنیئر ٹائم سکیل دیا گیا جن میں ڈائفوڈ ساگر دتاترے، راہول یادو اور اوئس احمد شامل ہیں۔کابینہ فیصلے کی رو سے جے اینڈ کے کاڈر کے 2000 بیچ کے آئی پی ایس افسروں کویکم جنوری2018 سے سُپر ٹائم سکیل میں ترقی دینے کو ہری جھنڈی دکھائی گئی۔ ان افسروں میں ایس پی پانی، بسنت کمار رتھ اور غلام حسن بٹ شامل ہیں۔کابینہ نے2004 بیچ کے آئی پی ایس افسر دیپک کمار سلاتھیہ کو بھی یکم جنوری 2018 سے سُپر ٹائم سکیل میں ترقی دینے کو منظوری دی ہے۔کابینہ نے رفیق الحسن اور وجے کمار جو کہ2005 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیں کو یکم جنوری2018 آئی پی ایس کا سلیکشن گریڈ دینے کو بھی منظوری دی۔کابینہ نے2014 بیچ کے افسر ڈاکٹر جی بی سندیپ چکرورتی اور امرت پال سنگھ کو یکم جنوری2018 سے سنیئر ٹائم سکیل دینے کو منظوری دی ہے۔اس دوران آئی ایس ایف افسران کی ترقی کو بھی منظوری دی جس کی رو سے روی کمار کیسر کو یکم جولائی2017 ء سے اپیکس سکیل( پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فارسٹس) دینے کو منظوری دی گئی۔کابینہ نے منوج پنت، پی کے سنگھ اور وی سدھارتہ کمار کو یکم جولائی2017 سے75500-80000 ایچ اے جی پلس گریڈ میں پی سی سی ایف کے طور ترقی دینے کو منظوری دی۔کابینہ نے وی کے سنگھ، جگمیت تکپا، ایس کے گپتا، سرویش رائے، این پی سنگھ، اسد محمود، نثار احمد درزی اور اے کے گپتا کو فی الفور ایڈیشنل پی سی سی ایف کے طور 67000-79000 ایچ اے جی پے سکیل میں ترقی دینے کی منظوری دی۔ ایس سینتھل اور سمیر بھارتی کو بالترتیب 27-04-2017 اور4-07-2017 سے34700-6700+10000 پے سکیل میں بطور چیف کنزرویٹر آف فارسٹس ترقی دینے کو منظوری دی۔ریاستی کابینہ کے اجلاس میںجموں اینڈ کشمیرکمپی ٹیٹو ایگزامینیشن رُول2018 کے نصاب اور سکیم میں یکسانیت لاکر اسے آل انڈیا سروس ایگزمینیشن کی طرز پر منعقد کرنے کی نوٹیفکیشن کو منظوری دی گئی۔اس وقت جے اینڈ کے کمپی ٹیٹو ایگزامینیشن کا سلیبس اور سکیم یو پی ایس سی کے پُرانے سلیبس اور سکیم پر محیط تھا۔تا ہم یو پی ایس سی نے2011 میں آل انڈیا سروسز کے سلیبس اور سکیم میں تبدیلی لائی تھی۔ یو پی ایس سی کا یہ طرز عمل اپنانے سے ریاست کے اُمیدواروں کو بیک وقت سہولیت مہیا ہوگی جو کہ جے اینڈ کے پی ایس سی اور یو پی ایس سی کے مسابقتی امتحانات کی تیاری کررہے ہیں۔ اس سے ریاست سے تعلق رکھنے والے اُمیدواروں کے یو پی ایس سی سول سروس امتحان پاس کرنے کے مواقعے بڑھ سکتے ہیں۔ ریاستی کابینہ نے 8 پرنسپل مجسٹریٹس( سول جج جونئیر ڈویثرن/ منصف) کی اسامیوں کو معرض وجود میں لانے کی منظوری دی گئی۔ یاد رہے پہلے مرحلے میں اننت ناگ، بارہ مولہ، سرینگر، جموں، ڈوڈہ، راجوری، کرگل اور لیہہ میں8 جووئنال جسٹس بورڈ قائم کئے جائیں گے۔کابینہ نے ای کورٹ مشن موڈ پروجیکٹ کی موثر عمل آوری کے لئے مختلف پے بینڈس میں74 دیگر اسامیوں کو معرض وجود میں لانے کی بھی منظوری دی۔ ریاستی کابینہ میٹنگ میں پی ایچ سی حضرت بل سرینگر کا درجہ بڑھا کر اسے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بنانے کو منظوری دی گئی۔کابینہ نے سب سینٹر دومانہ جموں اور دیور کپواڑہ کے طبی مرکز کو بھی پرائمری ہیلتھ سینٹر کے طور ترقی دینے کو بھی منظوری دی گئی ہے۔کابینہ نے ان طبی اداروں کے لئے14 اسامیوں کو بھی معرض وجود میں لانے کو ہری جھنڈی دکھائی۔جمعرات کو جموں میں منعقدہ ریاستی کابینی میٹنگ میں ضلع سانبہ کے دیہات کٹلی میں انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے کے لئے222 کنال17 مرلے سیٹ لینڈ محکمہ صنعت و حرفت کو منتقل کرنے کو منظوری دی گئی۔کابینہ نے نارائین دیہات، تحصیل نگروٹہ ضلع جموں میں انیمل ہسبنڈری محکمہ کو144 کنال13 مرلے سٹیٹ لینڈ منتقل کرنے کو منظوری دی۔ جموں ہوائی اڈے کی توسیع کے پیش نظر بیلی چرانہ پولٹری پروجیکٹ کو یہاں سے منتقل کیا جائے گا۔محکمہ پلاننگ، ڈیولپمنٹ اینڈ مونیٹرنگ فارم کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لئے لازمی رقومات فراہم کرے گا۔وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی صدارت میں آج یہاں کابینہ کا اجلاس منعقد ہوئی جس میں جی ایم سی سرینگر اور جی ایم سی جموں میں رجسٹرار اکیڈیمک کی اسامیوں کو اپ گریڈ کیا گیاجو بالترتیب37400-67000+8700 اور37400-67000+10000 کے پے بینڈ کے دائرے میں ہوں گی۔ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں ضلع کپواڑہ کے سب ڈویثرن ہندواڑہ میں پرائیویٹ بی ایڈ کالج کھولنے کو منظوری دی گئی۔