سرینگر//وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے صحت و طبی تعلیم محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ ہسپتالوں میں تمام ضروری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائیں اور ڈاکٹر وں سے تلقین کی کہ وہ مریضوں کی بے لوث خدمت انجام دیں۔وزیر اعلیٰ محکمہ صحت کے خاص پروجیکٹوں کے علاوہ میڈیکل سپلائز و دیگر خدمات کا جائزہ لے رہی تھیں۔صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت، وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو اور وزیر مملکت صحت و طبی تعلیم آسیہ نقاش بھی میٹنگ میں موجود تھیں۔محبوبہ مفتی نے محکمہ کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ میڈیکل سپلائز کارپوریشن سے ضروری ادویات صحیح وقت پر خریدیں اور کسی بھی صورت میں ادویات کی حصول میں تاخیر اور ہسپتالوں میںادویات کی قلت نہ ہونے دیں۔وزیرا علیٰ نے سرینگر اور جموں میں سپر سپیشلٹی ہسپتالوں کی ناقص کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوںنے اس سلسلے میں کوششوں کو دوگنا کرکے ان ہسپتالوں کو فعال بنانے کی ہدایت دی۔انہوںنے جی بی پنت ہسپتال میں صحت و صفائی میں بہتر ی لانے کی تاکید کی۔ محبوبہ مفتی نے ہر انتخابی حلقے میں بہتر سہولیات سے لیس ایک ماڈل ہسپتال قائم کرنے کے اقدامات کا جائز ہ لیا۔ انہوںنے قومی شاہراہ پر کئی ٹراما ہسپتالوں پر جاری کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی تاکہ لمبی مسافت میں پھنسے ہوئے زخمی افراد کو قومی شاہراہ پر علاج و معالجہ کے خصوصی طبی سہولیات حاصل ہو۔وزیرا علیٰ نے صنعت نگر ، چھانہ پورہ اورعید گاہ میں قائم طبی مراکز میں افرادی قوت و دیگر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو اپنے علاقے میں ہی ضروری طبی سہولیات دستیاب رکھنے کی ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ نے ریاست میں پانچ میڈیکل کالجوں پر جاری تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا۔ان کو بتایا گیا کہ ریاست میں دو ایمز قائم کرنے کے لئے حصول اراضی کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور دونوں جگہوں پراراضی منتقل بھی کی گئی ہے ۔اس کے علاوہ پانی ، بجلی اور سڑک رابطے فراہم کرنے کے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ محبوبہ مفتی نے ان میڈیکل کالجوں اور ایمز کے لئے عملے کا انتظام کرنے کی ہدایت دی تاکہ ان اداروں میں کام کاج شروع کرنے کے وقت عملے کی کمی محسو س نہ ہو۔وزیر اعلیٰ کو مزید بتایا گیا کہ اس سلسلے میں اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور ان طبی اداروں کے مکمل ہونے پر ضروری عملہ تعینات کیا جائے گا۔وزیرا علیٰ نے گاندھی نگر اور بمنہ میں تعمیر کئے جارہے 200بستروں والے ہسپتالوں پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا۔انہوںنے گاندربل میں یونانی ہسپتال اور جموں میں آیورویدک کالج کی تعمیر ی کام کا بھی جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ سکمز میں اس سال کے آخیر تک پی ای ٹی سکین سہولیت چالو کی جائے گی۔وائس چیئرمین میڈیکل سپلائیز کارپوریشن سبھاش جنڈیال، چیف سیکرٹری بی بی ویاس، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل، پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر پون کوتوال، ڈائریکٹر سکمز پروفیسر اے جی آہنگر، جی ایم سی سرینگر اور جی ایم سی جموں کے پرنسپلز، جی ڈی سی سرینگر اور جموں کے پرنسپلز،ڈائریکٹرز ہیلتھ سروسز کشمیر اور جموں کے علاوہ دیگر سنیئر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔