جموں//وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے کل یہاں تین ترقیاتی پروجیکٹوں کی سنگ بنیاد ڈالی ، جسے ہاوسنگ و اربن ڈیولپمنٹ محکمہ تعمیر کرے گا۔ وزیر اعلیٰ نے بوریا میں 4 کروڑ 16لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ورکنگ وومنز ہوسٹل کی سنگ بنیاد بھی ڈالی ۔ 41 کمروں والے ہوسٹل کی 73 افراد کی رہائشی گنجائش رکھی گئی ہے ۔ اس ہوسٹل میں تمام سہولیات بشمول کچن، کمپیوٹر لیبارٹری ، آفس ، بیڈمنٹن کورٹ ، چائلڈ کیئر روم و دیگر سہولیات موجود ہوں گی ۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقعہ پر ہدایت دی کہ ہوسٹل ایک سال کے اندر مکمل ہونا چاہئے تاکہ کام پر جانے والی خواتین کو رہائشی سہولیت جلد از جلد دستیاب ہوں۔وزیر اعلیٰ نے شہری بے گھر افراد کے لئے ایک کروڑ 86لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے نائٹ شلٹرکا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ اس عمارت کی تین منزلوں میں بے گھر لوگوں کے لئے 100 بسترے والے کمرے ہوں گے اور اس عمارت میں کچن ، پنٹری اور ڈائننگ ہال کی سہولیت بھی رکھی جائے گی۔ یہ پروجیکٹ اگلے برس مارچ تک مکمل ہوگا۔ اس مو قعہ پر نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ، سپیکر کویندر گپتا ، وزیر مملکت مکانات و شہری ترقی آسیہ نقاش ، سابق ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی محمد سرتاج مدنی ، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں ایم کے بھنڈاری ، آئی جی پی جموں زون ایس ڈی سنگھ جموال ، شہری ترقی محکمہ اور صوبائی انتظامیہ کے افسران موجو د تھے۔اس سے قبل محبوبہ مفتی نے لور روپ نگر مٹھی میں ایک پارک کو ترقی دینے کے پروجیکٹ کی سنگ بنیاد رکھی ۔ یہ پارک جس پر ایک کروڑ28لاکھ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے کو مقامی نالے کے ساتھ ساتھ ترقی دی جائے گی اور یہ مٹھی کے علاوہ سماج کے کمزور طبقے سے وابستہ کنبوں کے لئے ایک بڑی سہولیت ثابت ہوگی۔ اس پارک میں کیوکس ، بنچس ، کوڈا دان اور بیت الخلاء کی سہولیات موجود ہوں گی اور اسے 6ماہ کے اندر مکمل ہونے کی اُمید ہے ۔ اس موقعہ پر متعدد مقامی لوگوں اور پنڈت برادری کے افراد نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے اُن سے سہولیات کے بارے میں اُن کی رائے دریافت کی۔نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ، وزیر صحت و طبی تعلیم بالی بھگت ، وزیر مملکت شہری ترقی آسیہ نقاش ، قانون ساز اسمبلی کے سابق سپیکر محمد سرتاج مدنی ، صوبائی کمشنر جموں ، آئی جی پی جموں و دیگر افسران موجود تھے۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ د و دن کے دورے پر جموں پہنچی۔