وزیراعلی کے ذریعہ ترنگے کی بے حرمتی پر وزیراعظم وضاحت دیں:بھیم سنگھ

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
 سرینگر// نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے جموں وکشمیر کی وزیراعلی محبوبہ مفتی کے قومی پرچم کے تعلق سے دیئے گئے اس بیان پر وزیراعظم نریندر مودی سے وضاحت طلب کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ آرٹیکل۔35اے  میں کوئی بھی تبدیلی ناقابل قبول ہے ، مجھے یہ کہنے میں ذرا بھی ہچکچاہٹ نہیں ہے کہ کشمیر میں کوئی بھی قومی پر چم کی لاش اٹھانے کو تیار نہیں ہوگا۔میں یہ واضح کردینا چاہتی ہوں۔جموں وکشمیر کے وزیراعلی کا قومی پرچم کے تعلق سے یہ بیان ایک خطرے کی گھنٹی ہے۔ پروفیسر بھیم سنگھ نے کہاکہ یہاں تک کہ شیخ عبداللہ نے بھی اپنے بغاوت کے دور میں قومی پرچم کے خلاف اس طرح کا بیان نہیںدیا تھا۔یہ نہ صرف قومی پرچم کی توہین ہے بلکہ قومی یکجہتی اورہندستانی آئین کو چیلنج ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں وکشمیر میں آر ایس ایس کی بیساکھی پر کھڑی وزیراعلی کے ذریعہ اٹھائے گئے اس معاملے پر وضاحت دیں۔ کیا وزیراعلی آرٹیکل 35اے اور آرٹیکل 370میں فرق کو نہیں سمجھتی ہیں۔وزیراعظم جموں وکشمیر کے ساتھ تعلقات پر ہندستانی یونین کے موقف سے بھی قوم کو واقف کریں۔پروفیسر بھیم سنگھ نے1954میں  آرٹیکل ۔35اے کے تعارف کو ناپسندیدہ قرار دیا کیونکہ اس میں جموں وکشمیر اسمبلی کو ہندستانی پارلیمنٹ کے قانون کو منسوخ کرنے کا اختیار دیا گیا ہے جو انتہائی قابل نفرت اور مکمل طورپر غیرآئینی ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے جموں وکشمیر میں محبوبہ مفتی کی قیادت والی پی ڈی پی۔بی جے پی حکومت کو فوری  طورپر برخاست کرنے کا مطالبہ کیا۔  انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کو مزید اموات اور تباہی سے بچانے کا  واحد راستہ گورنر راج ہے۔
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *