بٹوت //وزیراعلیٰ کی ضلع رام بن میں ممکنہ آمداوردو روزہ قیام کو لیکر ضلع بھر کے عوام میں خوشی ومسرت کی لہرپائی جارہے۔دورے کے دوران مختلف وفودوزیراعلیٰ سے ملاقات متوقع ہے ،بالخصوص ضلع رام بن کی تحصیل بٹوت سے تعلق رکھنے والی سیاسی سماجی ودیگرمختلف نوعیت کی غیر سرکاری تنظیموں سے وابستہ لوگوں میں کافی جوش وجذبہ ہے اوروہ وزیراعلیٰ کے ساتھ ملنے کے متمنی ہیں۔وزیراعلیٰ کی رام بن آمدکومدنظر رکھتے ہوے کشمیر اُعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے لوگوں نے کہاکہ یہ بڑی ہی خوش آئند بات ہے کہ ریاستی وزیراعلیٰ دیر سویر سہی پہاڑی ضلع رام بن کے عوام کو درپیش مشکلات ومسائل سے آگاہی حاصل کرنے آرہی ہیں جس سے کسی حد تک لوگو ں کے مسائل کاموقع پر نپٹارہ ہونے کی قندیل روشن ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ضلع کے عوام کافی عرصے سے وزیراعلیٰ کی آمدکے انتظار میں تھے ۔ان لوگوں کے مطابق ضلع رام بن کے دیگر علاقہ جات کی طرح تحصیل بٹوت کی عوام کو بھی بیسوں قسم کی دیرینہ مشکلات ومسائل کا سامنا ہونے کے علاوہ اُن کی کچھ بے حد اہمیت کی حامل دیرینہ مانگیںبھی ہیںجن کو وہ موجودہ ریاستی مخلوط حکومت کی جانب سے حل و پوراکیے جانے کی توقع رکھتے ہیںلہذا اُسی سلسلے میںہم لوگ رام بن میں وزیر اعلیٰ سے وفودکی صورت میں ملیں گے اور اُن کو بالخصوص بٹوت میںگورنمنٹ ڈگری کالج کے قیام ،تاریخی رانی تالاب، بٹوت کی شان رفتہ کو بحال کیے جانے ۔گورنمنٹ شیر کشمیر ہسپتال کی حالت زار کو سُدھارنے بٹوت کو سیاحتی شعبے میں ترقی دینے کے لیے درکار اقدام کرنے کی مانگیں وزیراعلیٰ کے سامنے رکھیں گے۔مزیدہم لوگ تحصیل بٹوت میں بے روزگاری کے سنگین مسئلے سے دوچار لوگوں کی مشکلات اور تحصیل بٹوت میںتیزی سے پھیل رہی نوجوانوں میںمنشیات کی وباء اُس کے خوفناک نتائج اور اس مسئلے پر محکمہ پولیس کی جانب سے اپنائی گئی منفی روش سے بھی آگاہ کریںگے۔ مزید ضلع رام بن میں پی ڈی پی ضلع رام بن یوتھ صدر شامون میر کے ساتھ ساتھ دیگر بیسوں پی ڈی پی لیڈران اورضلع رام بن میںپارٹی ورکران کی جانب سے ریاستی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی رام بن میں آمد کو لیکر خوشی ومسرت کااظہار کیا ہے۔