عظمیٰ نیوز سروس
جموں//نیشنل کانفرنس رکن پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ نے ریزرویشن معاملہ پر وزیراعلیٰ دفتر کی جانب سے وضاحتی جواب آنے کے بعد امید ظاہرکی کہ کمیٹی مقررہ وقت میں اپنا کام مکمل کرے گی۔ایکس پر وزیراعلیٰ دفتر کے ٹویٹ کے جواب میں انہوںنے کہا’’میں اس وضاحت کی تعریف کرتا ہوں۔ یہ وہ چیز ہے جسے لوگ اپنے منتخب نمائندوں میں تلاش کرتے ہیں۔ احتساب اور شفافیت وہ چیز ہے جس کے ہمارے لوگ اس مشکل وقت میں مستحق ہیں۔میں اس جواب کو طلبہ کے لیے ایک یقین دہانی کے طور پر لوں گا کہ اس میٹنگ میں اس حقیقی مسئلے کو حل کرنے کے لیے جو وعدے کیے گئے تھے وہ پورے کیے جائیں گے اور کابینہ کی ذیلی کمیٹی مقررہ وقت کے اندر اپنا کام کرے گی۔اس سے قبل انہوںنے سکینہ ایتو کے جواب کو پوسٹ کرتے ہوئے انتہائی تلخ انداز میں لکھا تھا کہ ایک منتخب حکومت اپنے عوام کو دھوکہ دینے سے بڑی سیاسی تباہی نہیں ہو سکتی۔مہدی نے X پر ایک پوسٹ میں کہاتھا”میں امید کرتا ہوں کہ یہ کوئی کلر یکل غلطی یا محکمہ اور وزیر اعلیٰ کے دفتر کے درمیان کوئی رابطہ کی کمی ہے‘‘۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ اگر یہ کلرکل غلطی نہیں تھی، تو یہ ان طلبا کے ساتھ کھلا جھوٹ اور دھوکہ ہے جنہوں نے اپنی منتخب حکومت کے ساتھ مسئلہ اٹھایا اور انہیں دیے گئے لفظ اور جواب پر اعتماد اور بھروسہ ظاہر کیا۔انہوں نے کہا کہ اس سے بڑی کوئی سیاسی تباہی نہیں ہو سکتی جب ایک منتخب حکومت اپنے لوگوں کو دھوکہ دیتی ہے۔