کولگام //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی عوامی شکائتی ازالہ کیمپوں کے انعقاد کے لئے دو روزہ دورے پر پہنچیں۔ دوران کیمپ، جو کہ ان کی عوام تک رسائی حاصل کرنے کا ایک حصہ ہے، وزیر اعلیٰ نے متعدد عوامی وفود اور افراد کی شکایات بغور سُنیں۔وزیر اعلیٰ کے مشیر پروفیسر امیتابھ مٹو، رکن پارلیمان نذیر احمد لاوے، ضلع کے قانون ساز اور سابق قانون ساز اس موقعہ پر موجود تھے۔وفودنے وزیر اعلیٰ کا عوام تک پہنچنے اور ان کی ترقیاتی ضروریات سے متعلق آگاہی حاصل کر کے انہیں موقعہ پر حل کرنے کے لئے شکریہ ادا کیا۔ایک روزہ طویل عوامی رسائی پروگرام کے دوران وفود نے جو مانگیں پیش کیں ان میں ضلع میں انتظامی اکائیوں کی تنظیم نو، ویشو نالہ پر حفاظتی باندھوں کی تعمیر، فائیر سروس سٹیشنوں کو قائم کرنے، پینے کے پانی کی سکیموں کو توسیع دینے اور سڑک رابطہ نیٹ ورک کو مستحکم بنانے اور ضلع میں صحت سہولیات کو ترقی و توسیع دینا شامل تھا۔ کولگام کی سول سوسائٹی کے ارکان کے ایک وفد نے قصبہ میں لائبریری کی توسیع، مڈل سکول چوگام کو ہائی سکول کا درجہ دینے، سرما کے دوران نوجوانوں کے لئے سول سروسز امتحانات کے کوچنگ کے انتظامات کرنے،مقامی آئی ٹی آئی میں مزید حرفتیں شامل کرنے، ونپوہ۔ چوگام، اہر بل، چوگام۔ سنگاس اور تاحل او کے۔ چولگام سڑکوں کی توسیع و کشادگی وغیرہ مانگیں پیش کیں۔وزیر اعلیٰ نے کولگام قصبہ میں دسمبر کے آخر تک سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کی ہدایت دی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو مقامی آئی ٹی آئیز میں مزید حرفتیں شامل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مقامی لائبریری کی توسیع کے لئے5 لاکھ روپے واگذار کرنے کا اعلان کیا۔کنڈ علاقے سے آئے متعدد وفود نے ہائی سکول والٹینگو کی سطح بڑھانے، باغبانی، زرعی اور تعلیمی زون قائم کرنے، ہاکہ رادن۔ کنچلو، بٹہ پورہ۔ کرالو، واری پورہ۔ چھتی گام پُلوں کی تعمیر اور وائی کے پورہ واسک ناگ اور رزولو۔ چھتر گام۔ مُو بُو سڑکوں کی کشادگی کی مانگ کی۔ انہوں نے رُزلو۔ لاڈ نہر کی دیکھ ریکھ پی ایم کے ایس وائی کو منتقل کرنے اور پنز نار، کچلو واٹر سپلائی سکیموں کو فوری طور مکمل کرنے کی مانگ کی۔وزیر اعلیٰ نے پنز گام نار واٹر سپلائی سکیم کی تکمیل کے لئے30 لاکھ روپے واگذار کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے سکیم کو یکم جنوری کے آخیر تک مکمل کرنے کی ہدایت دی۔دیوسر سے آئے وفود نے ویشو نالہ پر حفاظتی باندھ تعمیر کرنے کی مانگ کی تا کہ ملحقہ علاقوں کے دیہات کو سیلاب سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے علاقے میں ماؤ، نور آباد، مہندی اور دیگر نہروں کو مستحکم بنانے اور ان کی دیکھ ریکھ اور دیو سر لفٹ اری گیشن سکیم کو چالو کرنے اور قصبہ میں فائیر سٹیشن قائم کرنے کی مانگ کی۔وزیر اعلیٰ نے پیٹھ دیوسر لفٹ اری گیشن سکیم کو جلد مکمل کرنے کے سلسلے میں50لاکھ روپے واگذار کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کلیم اور دیو سر میں کھیل کے میدانوں کو ترقی دینے کے لئے10 لاکھ روپے واگذار کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اشموجی پُل پر جاری کام میں سرعت لانے کی بھی ہدایت دی۔کیموہ کے ایک وفد نے قصبہ میں سٹیڈیم تعمیر کرنے ، فائیر سٹیشن کے قیام اور زیارت حضرت شیخ نور الدین ؒکے چشموں کو بہتر بنانے اور صاف و شفاف رکھنے کا مطالبہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے زیارت کے نزدیک چشموں میں بہتری لانے اور صفائی کروانے کے لئے10 لاکھ روپے کی واگذاری کا اعلان کیا۔ضلع کے میوہ اُگانے والوں کے ایک وفد نے وزیر اعلیٰ سے استدعا کی کہ وہ ایک سی اے سٹور اور مقامی فروٹ منڈی کے نزدیک ٹرک ٹرمینل قائم کیا جائے۔گجر علاقوں کے ایک وفد نے وائی کے پورہ۔ نگروس اور سوفت ماشکھڈ۔ مسند دیوسر سڑک کی اپ گریڈیشن سی اے پی ڈی سیلز آؤٹ لیٹ کا قیام رزلو میں شیپ سینٹر اور دیگر مطالبات وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھے۔ نور آباد اور دمہال ہانجی پورہ کے کئی وفود وزیر اعلیٰ سے ملے اور اپنے مطالبات پیش کئے جن میں تحصیل سوشل ویلفیئر افس، ڈی ایچ پورہ میں سٹریٹ لائٹس اور منزگام مقامی کالج میں سہولیات میں بہتری لانے ، بجلی کے نظام میں بہتری لانے اور طبی سہولیات کو فراہم کرنے جیسے مطالبات شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ دمہال ہانجی پورہ میں سٹریٹ لائٹس لگانے کے لئے10 لاکھ روپے واگذار کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے مقامی کالج کے لئے ایک بس خریدنے کے لئے13 لاکھ روپے اور دمہال ہانجی پورہ ہسپتال کے لئے ایک ایمبولنس کی دستیابی کے لئے7 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے پٹھ دیو سر لفٹ اری گیشن سکیم کی تکمیل کے لئے50 لاکھ روپے کی واگذاری کا اعلان کیا۔بار ایسوسی ایشن کے ارکان پر مشتمل ایک وفد نے وکلاء کے لئے مزید چیمبر تعمیر کرنے، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کی عدالت قائم کرنے، مزید عدالتوں کو قائم کرنے اور بار لائبریری کو توسیع دینے کی مانگ کی۔ وزیر اعلیٰ نے بار لائبریری کی توسیع کا اعلان کیا۔ انہوں نے قصبہ میں آڈیٹوریم کی تعمیر کے امکانات کا جائیزہ لینے کی ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ نے دن بھر وفود کی مانگیں سُنیں اور یہ سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا۔ متعدد معاملات میں محبوبہ مفتی نے شکایات کے ازالہ کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں جس کو وفود کی کافی سراہا۔وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل، کمشنر سیکرٹری پی ڈی ڈی/ اربن ڈیولپمنٹ، ڈویثرنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، منصوبہ بندی کے اعلیٰ افسران، مختلف محکموں کے سربراہ، انجنئیراں، ڈی آئی جی، ایس کے آر، ایس پی پانی، ڈپٹی کمشنر کولگام طلعت پرویز، ایس ایس پی اور ضلع انتظامیہ سے وابستہ متعدد افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ کی جانب سے شروع کئے گئے عوام تک رسائی کے پروگرام میں عوام نے کافی دلچسپی کا مظاہرہ کر کے اپنے مسائل موقع پر ہی ازالہ کے لئے ان کے گوش گذار کئے۔ اب تک محبوبہ مفتی نے وادی کشمیر کے پلوامہ، اننت ناگ، کپواڑہ، بڈگام اور بارہ مولہ اضلاع اور جموں کے رام بن، سانبہ، کٹھوعہ اضلاع میں عوامی شکایات ازالہ کیمپ منعقد کئے جن کے دوران عوام نے انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔