عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں جاری بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔حکام نے بتایا کہ ندی نالوں کے پانی میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکام نے وادی کشمیر میں سکولوں اور کالجوں کو دن کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا، کیونکہ محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ وزیراعلی کے دفتر نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ وزیر اعلیٰ نے صبح صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی،۔عبداللہ نے انتظامیہ کو زمینی ردعمل کو تیز کرنے، پانی بھرے علاقوں کی صفائی کو یقینی بنانے، ضروری خدمات کی حفاظت، نازک علاقوں میں بروقت انخلا کرنے اور فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔کابینی وزراء جاوید رانا اور ستیش شرما نے جموں کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی، جبکہ سکینہ ایتو نے کشمیر کی صورتحال کے بارے میں اپ ڈیٹس فراہم کیں۔ وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مشورے پر عمل کریں، حساس مقامات سے جانے سے گریز کریں، اور محفوظ رہیں،” ۔حکام نے بتایا کہ منگل کو بارش شروع ہونے کے بعد سے سری نگر سمیت جنوبی اور وسطی کشمیر کے کچھ حصوں میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہوا ۔