جموں //وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی نے دیہی اقتصادیات کو بڑے پیمانے پر دوام بخشنے کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے ریاست میں مال مویشیوں کو بڑھاوا دینے کے لئے ایک ماڈل قائم کرنے کی ہدایت دی ۔اس کیلئے انہوں نے مخصوص دیہات قائم کرنے کی صلاح دی۔ جموں میں جموں و کشمیر اینمل ویلفیئر بورڈ کی پہلی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے بدھ کو وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ پشو پالن اور ڈایئری کے شعبے میں روزگار کے کافی وسائل موجود ہیں جن کو بروئے کار لایا جانا چاہئے۔وزیر اعلیٰ نے کے آر کے وی وائی جیسی مختلف سکیموں کو نیشنل ڈیری ڈیولپمنٹ سکیموں کے ساتھ ضم کرنے کی ہدایت دی تاکہ اس ضمن میں مؤثر نتائج حاصل کئے جاسکیں ۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ دیہات بالخصوص سرحدی علاقوں میں اُن گائوں کی نشاندہی کی جانی چاہئے جنہیں ملک ولیجز کی حیثیت سے اختیار کیاجاسکے اور جہاں پشو پالن کے علاج ومعالجہ اور ان کی بہبود کے ساتھ ساتھ مارکیٹنگ کی تمام تر سہولیات دستیاب ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایسا زعفران ولیج ، ایپل ولیج اور باسمتی ولیج سکیموں کی طرز پر کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے نہ صرف دیہی علاقوں کی معمول کی سرگرمیوں کو ادارہ جاتی حیثیت دی جاسکتی ہے بلکہ دیہی نوجوانوں کے لئے روزگار کے کافی مواقع بھی پیدا کئے جاسکتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان دیہات کو کواپریٹیو یونٹوں کے ساتھ جوڑا جانا چاہئے تاکہ ان کے کامیاب کام کاج کے بعد پوری ریاست میں ایسے مثالی ماڈل ولیج وجود میں لائے جاسکیں۔ انہوں نے صلاح دی کہ متعلقہ ارکان اسمبلی کی طرف سے کانسچونسی ڈیولپمنٹ فنڈ میں سے کچھ رقم ہر ایک حلقے میں اس طرح کا ایک ولیج قائم کرنے پر صرف کیا جانا چاہئے تاکہ ایک قلیل مدت میں بلا کسی مالی طوالت کے یہ دودھ یا لائیو سٹاک ولیج کنورجنس موڈ کے تحت قائم ہوسکے ۔محبوبہ مفتی نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ آپسی تال میل کے ساتھ کام کر کے اس بات پر غور کریں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس حوالے سے ایک لائحہ عمل مرتب کیا جانا چاہئے ۔وزیر اعلیٰ نے سرینگر اور جموں میں نئے ذبح خانے تعمیر کرنے کی پیش رفت کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی اور واضح ہدایات دیں کہ ان مقامات پر صفائی ستھرائی کو برقرار رکھا جانا چاہئے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقعہ پر بتایا گیا کہ سرینگر میں ایک جبکہ جموں میں جدید طرز کے دو ذبح خانے تعمیر کرنے کے لئے مرکز کی طرف سے 28کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں اوران پر کام عنقریب شروع کیا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ ان پروجیکٹوں کے کام میں تیزی لائیں۔میٹنگ میں پشو و بھیڑ پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی ، وزیر مملکت میر ظہور احمد کے علاوہ فائنانشل کمشنر منصوبہ بندی و ترقی بی بی ویاس ، کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی ہردیش کمار ، سیکرٹری محکمہ پشو پالن راج کمار بھگت ،سیکرٹری دیہی ترقیات محکمہ کفایت حسین رضوی اور انیمل و شیپ ہسبنڈری محکمو ں کے ڈائریکٹروں نے بھی شرکت کی۔