بڈگام// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بڈگام کے دورے کے دوسرے دن چرارِ شریف کا دورہ کیا اور وہاں حضرت شیخ نور الدین ولی ؒ کی زیارت گاہ پر حاضری دی ۔ وزیر اعلیٰ جو وقف بورڈ کی صدر نشین بھی ہیں ، نے وہاں ترقیاتی اور جاذبیت کے کاموں کی رفتار کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے ان کاموں کی عمل آوری میں تیزی لانے کی ہدایت دی ۔ محبوبہ مفتی نے قصبے میں زیر تعمیر شاپنگ کمپلیکس کے کاموں کو مکمل کرنے کیلئے 2کروڑ روپے واگذار کرنے کی ہدایت دی ۔شاپنگ کمپلیکس کو جلد از جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کل عوامی دربار کے دوران لوگوں نے وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھا تھا ۔ وزیر اعلیٰ نے زیارت گاہ کی جاذبیت میں اضافہ کرنے کے دیگر کاموں ، ڈرنیج نظام ، کمار بستی تک سڑک کو بڑھاوا دینے اور قصبے میں عوامی نوعیت کی سہولیات قائم کرنے جیسے کاموں کو بھی مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے متعلقین سے ایک مربوط لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ یہ کام جلد از جلد مکمل کئے جا سکیں ۔ محبوبہ مفتی نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ اگلے ہفتے سے شروع ہونے والی سالانہ عرس تقریبات کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کریں ۔ اس سے پہلے وزیر اعلیٰ نے امام باڑہ بڈگام کا دورہ کیا اور وہاں بھی ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات دیں ۔ انہوں نے اس حوالے سے کئے گئے تمام وعدوں کو فی الفور پورا کرنے کی ہدایات دیں ۔ زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ اور ضلع انتظامیہ کے کئی دیگر افسران بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔