عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں بدھ کوایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں جموں و کشمیر کے کوآپریٹیو بینکوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں وزیر برائے اِمداد باہمی جاوید احمد ڈار، چیف سیکرٹری اتل ڈولو، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، ریجنل ڈائریکٹر ریزرو بینک آف اِنڈیا (جموں و کشمیر اور لداخ)، پرنسپل سیکرٹری فائنانس، ایم ڈی و سی ای او جے کے بینک، کمشنر سیکرٹری کوآپریٹیوز اور نبارڈ کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔میٹنگ میں مختلف کوآپریٹیو بینکوں کی موجودہ صورتحال اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے جموں اور اننت ناگ ضلعی کوآپریٹیو بینکوں کی بہتر مالی کارکردگی کو سراہا جنہوں نے آپریشنل منافع حاصل کیا ہے ۔ انہوں نے خسارے میں چلنے والے دیگر کوآپریٹیوبینکوں سے وصولی کے لئے ایک روڈ میپ تیار کرنے پر زور دیاتاکہ حکومت اس کا جائزہ لے کر ممکنہ مداخلت کر سکے۔میٹنگ میں پی اے سی ایس کمپیوٹرائزیشن پروجیکٹ اور نئے ایم۔پی اے سی ایس کی تشکیل جیسے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیاجن کا مقصد نچلی سطح پر مالی شمولیت اور کریڈٹ کی فراہمی کو مضبوط بنانا ہے۔وزیر اعلیٰ نے ادارہ جاتی استحکام، مالی استحکام اور دیہی علاقے بااِختیار بنانے کو یقینی بنانے کیلئے مستقل اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔اس سے قبل کمشنر سیکرٹری کوآپریٹیوز ببیلا رکوال نے جموں و کشمیر میں کوآپریٹیوبینکوں کے کام کاج اور پیش رفت کے بارے میں ایک تفصیلی پرزنٹیشن دی۔