حیدرآباد//حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ و صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین بیرسڑاسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ گجرات کے انتخابی جلسوں میں جس طرح کی زبان وزیراعظم نریندر مودی استعمال کر رہے ہیں، اس پر ان کو کوئی تعجب نہیں ہوا ہے ۔صدر مجلس نے کہاکہ بہاراسمبلی کے انتخابات کے موقع پر بی جے پی کے لیڈروں نے کہا تھا کہ بہار کے انتخابات میں بی جے پی کوشکست ہوتی ہے تو پاکستان میں پٹاخے چھوڑے جائیں گے اور دیوالی منائی جائے گی ۔ بہار میں اس طرح کے بیانات کے باوجود بی جے پی کو شکست ہوگئی اور اب وزیراعظم یہ کہہ رہے ہیں کہ گجرات کے انتخابات میں پاکستان مداخلت کر رہا ہے ۔صدر مجلس نے پارٹی ہیڈ کوارٹرس دارالسلام میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وزیراعظم گجرات میں ووٹوں کی تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر پاکستان گجرات کے انتخابات میں مداخلت کر رہا ہے تو پھر این آئی اے کیا کر رہی ہے ؟انہوں نے کہاکہ وزیراعظم یہ کہہ رہے ہیں کہ ریٹائرڈ فوجی سربراہ اور ریٹائرڈ خارجہ سکریٹری پاکستان سے ملے ہوئے ہیں ۔وزیراعظم ان کی قوم پرستی ، وفاداری اور یکجہتی پر سوال اٹھارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کو یہ بتانا چاہئے کہ بنکاک میں پاکستان کے ساتھ جو میٹنگ ہونے جارہی ہے ۔ اس کی تفصیلات کیا ہے ۔پردہ کے پیچھے اس طرح کی بات کی جارہی ہیں ۔وزیراعظم نے جس طرح کی زبان استعمال کی ہے ، اس پر ان کو کوئی تعجب نہیں ہوا ہے ۔یواین آئی۔