نئی دہلی //کشمیرکی تازہ صورتحال اورہندچین سرحدی ٹکرائوکاجائزہ ‘‘لینے کیلئے بدھ کے روزنئی دہلی میں وزیراعظم مودی کی زیرصدارت سلامتی امورسے متعلق کابینہ کمیٹی کی ہنگامی میٹنگ منعقدہوئی ۔ وزیر اعظم نریندرا مودی نے نئی دہلی میں بدھ کے روز ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران کشمیر کی تازہ صورتحال کے ساتھ ساتھ ہند چین افواج کے درمیان سرحدی ٹکرائو سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سلامتی امور سے متعلق مرکزی کابینہ کی کمیٹی کا اہم اجلاس وزیر اعظم کی صدارت میں منعقد ہوا ، جس میں وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ، وزیر دفاع ارون جیٹلی اور وزیر خارجہ سشما سوراج کے علاوہ دیگر ممبران بھی موجود تھے ۔ میٹنگ کے دوران سوموار کی شام جنوبی کشمیر میں ایک حملے کے دوران 7 یاتریوں کی ہلاکت اور 19 دیگر کے زخمی ہوجانے سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ سرحد پار سے جنگجو ئوں کی در اندازی اور لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے واقعات کو بھی زیر غور لایا گیا ۔ میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ اور وزیر دفاع نے وزیر اعظم کو کشمیر کی اندرونی اور سرحدی صورتحال کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی جبکہ انہیں ہند چین افواج کے درمیان اسکم سیکٹر میں پائی جانے والی ٹکرائو کی صورتحال کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کی گئیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعظم نریندرا مودی کی ہدایت پر ہی گزشتہ روز آرمی چیف جنرل بپن رائوت نے کشمیر وادی کا ہنگامی دورہ کیا جبکہ بدھ کے روز 2 مرکزی وزرائے مملکت صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سرینگر پہنچے اور انہوں نے یہاں حکومت ، انتظامیہ اور مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام کے ساتھ صورتحال پر خیالات کا تبادلہ کیا ۔