یواین آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی پیر کو روس اور آسٹریا کا دورہ کریں گے جس کے دوران روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ اپنی بات چیت میں وہ روسی فوج میں ہندوستانی نوجوانوں کو بھرتی اور یوکرین میں محاذ پر بھیجے جانے کا معاملہ اٹھائیں گے اور ایسے تمام ہندوستانی نوجوانوں کو آزاد کرنے اور گھر واپس بھیجنے کی بھی درخواست کریں گے۔خارجہ سکریٹری ونے موہن کواترا نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ اس موقع پر سکریٹری (مغربی) پون کپور، ایڈیشنل سکریٹری (یورویشیا) چرنجیت سنگھ اور وزارت خارجہ میں ایڈیشنل سکریٹری (وسطی یوروپ) ارون کمار بھی موجود تھے۔وزیر اعظم کے دورے کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کواترا نے کہا کہ وزیر اعظم 22ویں سالانہ چوٹی کانفرنس کے لیے روس کے صدر کی دعوت پر 8-9 جولائی کو ماسکو کا سرکاری دورہ کریں گے۔ وزیراعظم پیر کی سہ پہر ماسکو پہنچیں گے۔ روسی صدر پیر 8 جولائی کو مودی کے اعزاز میں ایک نجی عشائیہ کا اہتمام کریں گے۔ وزیر اعظم کریملن میں نامعلوم فوجی کے مقبرے پر بھی پھول چڑھائیں گے اور اس کے بعد مودی ماسکو میں نمائش کے مقام کا دورہ کریں گے۔ ان پروگراموں کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون بات چیت ہوگی، جس کے بعد وزیر اعظم مودی اور روسی صدر پوتن کی قیادت میں وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی۔خارجہ سکریٹری نے کہا کہ مودی 9 جولائی کو دوپہر ماسکو سے ویانا جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی آسٹریا کے چانسلر کی دعوت پر 9-10 جولائی کو آسٹریا میں ہوں گے۔ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کا آسٹریا کا پہلا دورہ ہوگا۔ ہندوستان کے کسی وزیر اعظم کا آسٹریا کا آخری دورہ 40 سال پہلے ہوا تھا۔ ویانا میں اپنے رسمی استقبال کے علاوہ وزیر اعظم آسٹریا کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے اور اعلیٰ سطح کی کاروباری مصروفیات کے ساتھ ساتھ آسٹریا میں محدود وفود کی سطح پر بات چیت بھی کریں گے۔
وزیراعظم مودی کا رشی سنک کو شکریہ اور کیر اسٹارمر کو مبارک
عظمیٰ نیوزڈیسک
نئی دہلی// برطانیہ کے عام انتخابات میں رشی سنک کی حکمراں کنزرویٹیو پارٹی کو زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کو واضح اکثریت کے ساتھ 14 برس بعد اقتدار میں شاندار واپسی ہوئی ہے۔کیر اسٹارمر کی کامیابی کے بعد دنیا بھر سے ان کو مبارکباد بھی دی جارہی ہے۔ وزیراعظم مودی نے رشی سنک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کیر اسٹارمر کو مبارکباد دی ہے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ برطانیہ کی آپ کی قابل ستائش قیادت اور آپ کی میعاد کے دوران بھارت اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں فعال شراکت کے لیے آپ کا شکریہ۔ آپ اور آپ کے خاندان کے لیے مستقبل کے لیے نیک خواہشات،اس کے ساتھ ساتھ پی ایم مودی نے نئے وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کے عام انتخابات میں شاندار کامیابی پر آپ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات۔ میں باہمی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دیتے ہوئے تمام شعبوں میں بھارت-برطانیہ جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آپ کے مثبت اور تعمیری تعاون کا منتظر ہوں۔