سرینگر// وادی میں مخدوش صورتحال کے بیچ مرکزی حکومت نے جموں کشمیر کیلئے19ہزار کروڑ روپے وزیر اعظم پیکیج کے تحت واگذار کرانے کا اعلان کیا۔ نئی دہلی میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی سربراہی والی اعلیٰ سطحی بین وزراء میٹنگ کے دوران اس بات کا انکشاف کیا گیا۔ راج ناتھ سنگھ نے جموں کشمیر کیلئے جامع پروجیکٹوں پر ہو رہے کاموں کو عملانے کی پہل کا جائزہ لیا۔ محکمہ داخلہ کے ایک افسر نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران اس بات کا فیصلہ لیا گیا کہ 80ہزار کروڑ روپے وزیر اعظم پیکج میں سے قریب25فیصد یعنی19ہزار کروڑ روپے کو واگذار کیا جائے۔ میٹنگ میں ریاستی نمائندوں کے علاوہ مرکزی محکموں کے افسران اور وزراء نے بھی شرکت کی۔ وزارت داخلہ کے آفیسر نے بتایا کہ جامع پیکیج کو کامیابی سے واگذار کرنے سے جموں کشمیر کے لوگوں کا وہ تاثر دور کیا جاسکتا ہے کہ انہیں علیحدہ اور تنہا چھوڑ دیا گیا ہے۔ ریاست میں سرینگر پارلیمانی نسشت کیلئے ضمنی انتخابات کے دوران بڑے پیمانے پر تشدد آمیز واقعات پیش آئے جس کے دوران8افراد جان بحق جبکہ200کے قریب زخمی ہوئے۔ ادھر وادی میں طلاب کی طرف سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ وزیر اعظم ہند نے2015کے دورہ وادی کے دوران جموں کشمیر کیلئے80ہزار کروڑ روپے کا پیکیج دینے کا اعلان کیا جس میں اب تک17ہزار کروڑ روپے واگذار کئے گئے ہیں۔ وزیر اعظم کے80ہزار کرور روپے میں سے40ہزار کروڑ روپے سڑکوں کی بہتری اور تجدید کیلئے مختص کیا گیا۔اس رقم میں سے7ہزار854کروڑ کی رقم سیلاب زدگان کیلئے رکھا گیا جبکہ2ہزار241کروڑ روپے سیاحت کو فروغ دینے کیلئے رکھے گئے۔