اسلام آباد// پاکستان میں حزب مخالف کی سیاسی جماعتوں کے اجلاس میں ایک بار پھر وزیراعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف خورشید شاہ کے چیمبر میں جمعے کو ہونے والے اجلاس میں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کے بعد خورشید شاہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم نواز شریف یہ کہتے رہے ہیں کہ اگر تحقیقات میں ا±ن کے خلاف کچھ کہا گیا تو وہ مستعفی ہو جائیں گے۔”ہم سمجھتے ہیں کہ ملک کے وزیراعظم، ملک کے سربراہان کبھی جھوٹ نہیں بولتے۔ یقیناً میاں صاحب نے قوم سے وعدہ کیا لیکن اب ا±نھوں نے اعلان کر دیا کہ میں مستعفی نہیں ہوں گا۔ مگر قوم آج ا±ن سے استعفی مانگ رہی ہے۔“ا±نھوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ یہ نظام چلنا چاہیے اور اسمبلیوں کی مدت مکمل ہونے پر ہی انتخابات ہونے چاہئیں۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حزبِ مخالف کی تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ سپریم کورٹ نے جو بھی فیصلہ کیا، ا±س کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔