کئی عالم رہنمائوں سمیت8ہزار مہمان شرکت کرینگے
نئی دہلی// وزیرا عظم نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب کا انعقاد آج ہونے جارہاہے اور اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں۔ تقریب میں کئی عالمی رہنما، بمس ٹیک ملکوں (BIMSTEC countries) کے سربراہ اور علاقائی لیڈران سمیت 8ہزار مہمان حصہ لیں گے ۔ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے حالانکہ پہلے اس آئینی تقریب میں شامل ہونے والی تھیں لیکن آج انہوں نے آنے سے منع کر دیا۔ سنہ 2014 میں بھی وہ سیاسی مخالفت کی وجہ سے حلف برداری کی تقریب میں آنے سے منع کر دیا تھا۔ مودی نے خلیج بنگال کے سرحدی یا ساحلی ممالک کے عالمی تکنیکی اور معاشی تعاون کی تنظیم(BIMSTEC ) بمس ٹیک (Bay of Bengal Initiative for Multi-Sectoral Technical and Economic Cooperation) کے رکن ممالک ہندوستان،بنگلہ دیش ، میانمار، شری لنکا، تھائی لینڈ بھوٹان اور نیپال کے رہنماؤں کو تقریب میں مدعو کیا ہے ۔ پاکستان کو اس تنظیم سے باہر رکھا گیا ہے ۔بنگلہ دیش کے صدر محمد عبدالحمید، سری لنکا کے صدر میتری پال سریسینا، میانمار کے صدر یو وِن منت، بھوٹان کے وزیر اعظم لوتے شیرنگ، نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی، ماریشس کے وزیراعظم پروند کمار جگناتھ اور تھائی لینڈ کے خصوصی ایلچی گریساڈا بون راچ مسٹر مودی کی تقریبِ حلف برداری میں شریک ہوں گے ۔شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے موجودہ صدر کِرگیج جمہوریہ کے صدر سورون جین بیکو بھی نئی دہلی آرہے ہیں۔بی جے پی کے صدر امت شاہ اور وزیر اعظم مودی کے ساتھ تین گھنٹے کی طویل میٹنگ ہوئی جس میں دونوں نے کابینہ کی تشکیل کے سلسلے میں شدید غوروخوض کیا۔ مسٹر شاہ نے آج ہی جنتا دل یونائیٹیڈ (جے ڈی یو) کے لیڈر اور بہارکے وزیرا علیٰ نتیش کمار سے گفتگو کی۔ مسٹر کمار کی پارٹی رخصت پذیر حکومت میں شامل نہیں تھی۔ نئی لوک سبھا میں 303 اراکین بی جے پی کے ہیں اور دیگر 50 رکن دوسرے اتحادی پارٹیوں کے ہیں۔ لوک جن شکتی پارٹی(ایل جے پی) کی جانب سے مسٹر رام ولاس پاسوان ہی کابینہ میں شامل ہوں گے ۔ بی جے پی کے صف اول کے رہنماؤں میں سے ایک مسٹر ارون جیٹلی نے خرابی صحت کی وجہ سے وزیربننے سے انکار کر دیا ہے ۔مسٹر شاہ اور محترمہ سشما سوراج کے نئی کابینہ میں شامل ہونے کے سلسلے میں مختلف قسم کی قیاس آرائیاں چل رہی ہیں۔ امید ہے کہ مغربی بنگال سے بی جے پی کے فاتح 18 امیدواروں میں سے کئی ایک کو 2021 کے اسمبلی انتخابات کاخیال کرتے ہوئے وزیر بنایا جاسکتا ہے