نئی دہلی//وزیراعظم دفتر میںمرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جموں و کشمیر کے ڈی ڈی سی چیئرپرسن، وائس چیئرپرسن اور ممبران کے لیے ایک ظہرانے کی میٹنگ کی۔تقریباً 50 ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ممبران، چیئرپرسنز اور وائس چیئرپرسن نے پونے اور ممبئی کا 5 روزہ ایکسپوزر ٹور مکمل کرنے کے بعد ڈاکٹر جتیندر سنگھ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وزیر نے ان کے تربیتی تجربات کو غور سے سنا اور کہا کہ ریاست مہاراشٹر میں ملک کا سب سے قدیم اور کامیاب بلدیاتی ڈھانچہ ہے۔بعد میں، میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہاکہ یہ وزیر اعظم نریندر مودی تھے، جنہوں نے جموں و کشمیر کونومبر 2020 میں پنچایتی انتخابات اور سات دہائیوں میں پہلی بار ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) کے انتخابات کا باقاعدہ کامیاب انعقاد کو یقینی بنا کر حقیقی “خود حکمرانی” دی۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر اکثر “خود حکمرانی” کے نعروں کے لیے جانا جاتا تھا، لیکن حقیقی خود حکمرانی کا آغاز اب ہوا ہے۔ اسے مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے یہ بھی بتایا کہ دہلی میں بھی ڈی ڈی سی کے تربیتی پروگرام لگاتار منعقد کیے جا رہے ہیں اور مختلف ریاستوں میں پی آر آئی باڈیز اور کمیٹیوں کے کام سے واقف کرانے کے لیے نمائشی دوروں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن نے دہلی میونسپل کارپوریشن کے ساتھ مل کر اس طرح کا پروگرام منعقد کیا۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے جموں و کشمیر کو سب سے زیادہ ترجیح دی اور ان کے اقتدار کے آخری آٹھ سال کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ انہوں نے نہ صرف جموں و کشمیر کو کئی اہم قومی سطح کے منصوبے دیے بلکہ ذاتی مداخلت کے ذریعے ایسے بہت سے پروجیکٹوں کو بھی زندہ کیا جو مختلف وجوہات کی بنا پر تاخیر ہوئی۔