جموں//مرکزی حکومت کامگار،محنت کش اور غریب عوام کی بہبودکے بجائے ترقی کے نام پر سرمایہ داروں کی بہبودکیلئے سرگرمی کے ساتھ کام کررہی ہے۔ وزیراعظم مودی اوران کے حواری سرمایہ دارطبقہ کوخوش کرنے کے لیے دن رات ایک کررہے ہیں جوکہ غریب ،محنت کش اور کامگارطبقہ کے خلاف ہی نہیں بلکہ ملک کے لئے خطرناک ہے۔ وزیراعظم مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت مظلوموں کی آوازسننے کے لئے راضی نہیں ہے بلکہ اسے کچلنے کیلئے طاقت کااستعمال کررہی ہے ۔ ان خیالات کااظہار سی پی آئی ایم کے لیڈروایم ایل اے کولگام اورسنٹرل ٹریڈیونین کے ریاستی صدر محمدیوسف تاریگامی نے ناردرن زون انشورنس ایمپلائزایسوسی ایشن کی 31ویں جنرل کانفرنس کے دوران جموں میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس دوران تاریگامی نے کہاکہ مرکزی حکومت ووٹ بنک کی خاطر تقسیم کی سیاست کررہی ہے جس سے ملک کی سا لمیت خطرے میں پڑگئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کامگار،محنت کش اور غریب لوگوں کے مفادات کوپس پشت ڈالتے ہوئے وزیراعظم مودی سرمایہ داروں کی ترقی وبہبودکیلئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی ترقی کانعرہ کھوکھلاہے ۔انہوں نے کہاکہ امیروں کومزیدامیربنایاجارہاہے جبکہ محنت کش اورکامگارطبقہ اوربے روزگارنوجوانوں کی بہبودکیلئے کوئی مربوط پالیسی مرتب نہیں کی گئی ہے ۔ تاریگامی نے کہاکہ کانگریس کے دوراقتدارمیں بی جے پی کہتی تھی کہ خطے میں امن قائم کرنے کی اہلیت صرف بھاجپارکھتی ہے لیکن اب جب بھاجپااقتدارمیں ہے تو ان کایہ دعویٰ کیوں جھوٹ ثابت ہورہاہے؟۔ انہوں نے کہاکہ ملک کو دہشت گردی سے اتناخطرہ نہیں ہے جتنا بھاجپاکی تقسیم کی سیاست سے ہے۔انہوں نے کہاکہ ذات،برادری ،مذہب کے نام ووٹ بٹورنے کیلئے مرکزی حکومت کام کررہی ہے جوکہ ملک کی سا لمیت کے لئے خطرناک ہے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان مختلف مذاہب کے لوگوں کاگہوارہ ہے لیکن شرپسندطاقتیں تفریق کوہوادے کر متنوع ثقافت اورتہذیب کوپارہ پارہ کرنے کے درپرہیں۔ تاریگامی نے کہاکہ ایک مذہب کے لوگوں کے ملک (نیشن )کاتصور خلافِ فطرت ہے۔انہوں نے کہاکہ اگرخدانے ایک ہی مذہب کانیشن (ملک )بناناہوتاتوہرایک مذہب کے لوگوں کوالگ الگ خطہ اراضی پرپیداکرتا۔اس موقعہ پر تاریگامی نے ریاست جموں وکشمیرکے حالات اورسرحدوں پرجنگ نماصورتحال پرتشویش کااظہارکیا۔ انہوں نے وزیراعظم مودی سے جموں وکشمیرکے عوام کے ساتھ انسانی سلوک برتنے پرزوردیا۔ انہوں نے پیلٹ گنوں کے استعمال پرمکمل پابندی لگانے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اب تک درجنوں معصوم کشمیری نوجوان پیلٹ گنوں کاشکارہوکر جانیں گنواچکے ہیں اور سینکڑوں افراد آنکھوں کی روشنی کھوبیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیرکاحل مذاکرات کے ذریعے کیاجاناچاہیئے ۔تاریگامی نے کہاکہ محنت کش ،کامگار اورغریب طبقہ کی بہبود سے ہی ملک کامستقبل روشن ہوسکتاہے ۔انہوں نے مرکزی حکومت پر سرمایہ داروں کی بہبودکے بجائے غریب عوام کی بہبودکیلئے مربوط پالیسیاں مرتب کرنے کی اپیل کی۔قبل ازیں ناردرن زون انشورنس ایمپلائزایسوسی ایشن نے مانگوں کے حق میں ریلی نکالی جس میں لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا کے سینکڑوں ملازمین نے حصہ لیااورپھربعدمیں ابھینوتھیٹرجموں میںناردرن زون انشورنس ایمپلائزایسوسی ایشن کی سلورجوبلی تقریب منعقدہوئی جس میں صدرآل انڈیاانشورنس ایمپلائزایسوسی ایشن کامریڈ امان اللہ نے بھی خطاب کرتے ہوئے محنت کشوں کودرپیش چیلنجزپرتبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کامگاروں پرحقوق کے لئے جدوجہدجاری رکھنے پرزوردیا۔ افتتاحی سیشن کی صدارت کامرڈآرسی شرماصدرناردن زون انشورنس ایمپلائزایسوسی ایشن کررہے تھے۔