عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// جے اینڈ کے بینک نے اپنے قابل ذکر کسٹمرز میں سے ایک مدثر حسین نقشبندی ، میسرز بیک مائی کیک کے بانی ، کو ان کے متاثر کن کاروباری سفر کے لیے مبارکباد پیش کی جس بنا پر حال ہی میں انہیں جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے، اور جے اینڈ کے بینک کے واحد نمائندے کے طور پر وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ایک براہ راست بات چیت کاموقعہ ملا۔اس باوقار تقریب میں ان کی شرکت کے اعتراف میں، بینک کے جنرل منیجر (سی اے ایم) آشوتوش سرین نے زونل ہیڈ (بارہمولہ) امتیاز احمد بھٹ اور ڈپٹی جنرل منیجر راکیش مگوترا کے ساتھ آج بینک کے زونل آفس (بارہمولہ) میں انہیں ایک یادگار پیش کیا۔ اعزازی تقریب میں کلسٹر ہیڈز شیخ محمد مظفر اور عبدالمجید بھٹ کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے، جی ایم (سی اے ایم) آشوتوش سرین نے کہا، ’’مدثر کا سفر اس بات کی ایک روشن مثال ہے کہ کس طرح ایک پرعزم کاروباری شخصیت بہت سے لوگوں کو متاثر کرتے ہوئے زندگیوں کو بدلنے کے لیے بروقت کریڈٹ کا استعمال کر سکتا ہے۔ ہمیں جے اینڈ کے بینک میں اس کے عروج کی حمایت کرنے پر بہت فخر ہے اور خطے میں ایسی مزید کہانیوں کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘