کپوارہ//کپوارہ کے رامحال علاقہ میں مرکزی سکیم وزیراعظم آواس یوجنا میں بھاری پیمانے پر بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے اورمستحق لوگو ں کو نظر انداز کیا گیا ہے ۔رامحال کے ہر ڈونہ علاقہ میں غریبی کی سطح سے نیچے زندگی گزر بسر کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ سرکار نے انہیں سر چھپانے کے لئے کچے اورمکان تعمیر کرنے کے لئے مرکزی اسکیم کے تحت تعاون دینے کی یقین دہانی کی لیکن اس سکیم کے تحت مستحق لوگو ں کو نظر انداز کیا گیا ہے جس کی وجہ سے وہ کسمپرسی کی زندگی گزار نے پر مجبور ہیں ۔ہر ڈونہ رامحال کی زبیدہ بیگم ،بختی ،ثناء اللہ میر اورہاجرہ پر مشتمل ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ انہو ں نے پردھان منتری آ واس یوجنا کے تحت محکمہ دیہی ترقی میں باضابطہ درخواست جمع کی تھی لیکن جب اس سکیم کے تحت رقوم تقسیم کی گئیں تو انہیں نظرانداز کیا گیا ہے اور اثرو رسوخ رکھنے والے افراد کو ترجیح دی گئی ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرائیں تاکہ آئندہ مستحق افراد کو نظر انداز نہیں کیا جائے ۔اس حوالے سے جب اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ کپوارہ یار علی خان سے رابطہ کیا گیا تو انہو ں نے بتا یا کہ پردھان منتری آ واس یوجنا سکیم فنڈس کو آن لائین واگزار کیا جاتا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ ہر ڈونہ میں اگر ایسی شکایت ہے تو وہ اس کی تحقیقات عمل میں لائیں گے اور غریبو ں کے حق کو ضائع نہیں ہونے دیں گے ۔