جموں//سال 2018کے دوران ریاست میں 238جنگجو مارے گئے جبکہ اس دوران 86سیکورٹی فورسز اہلکاروں اور 37عام شہریوں کی ہلاکت بھی واقع ہوئی ۔ یہ اعدادوشمار وزارت داخلہ حکومت ہند کی سالانہ رپورٹ کے ہیں ۔ہلاکتوں کے حوالے سے 2017کا سال بھی سرخیوں میں رہا تھا جس دوران ملی ٹینسی کے 342واقعات میں 213جنگجوئوں اور80سیکورٹی اہلکاروں کی ہلاکت ہوئی جبکہ 40عام شہری ہلاک ہوئے تھے ۔اسی طرح سے 2016میں 150جنگجو، 82سیکورٹی فورسز اہلکار 15عام شہری مارے گئے ۔وزارت داخلہ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیاہے کہ اس کی طرف سے رمضان سیز فائر کا اعلان کرکے ایک بڑا اقدام کیاگیا تاہم رمضان کے بعد پھر سے ملی ٹینسی مخالف آپریشن شروع کئے گئے جن میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ۔ رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ رواں برس جون کے مہینے میں وزارت داخلہ نے جموں وکشمیر پولیس کی دو خواتین بٹالین کے قیام کو منظوری دی جبکہ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کھیلو انڈیا سکیم کے تحت ریاست میں کھیل کود سرگرمیوں کیلئے 14.30کروڑ روپے کو منظوری دینے کا اعلان کیا ۔رپورٹ میں پرامن بلدیاتی چنائو کو ایک اہم کامیابی قرار دیاگیاہے ۔رپورٹ میںبتایاگیاہے کہ ان انتخابات سے 14thفائنانس کمیشن کے تحت4ہزار335کروڑ روپے کی دستیابی کاراستہ ہموار ہواہے ۔
بارڈر مینجمنٹ
وزارت داخلہ کی سالانہ رپورٹ کے مطابق سرحدی انتظام کے طور پر ہندوپاک بین الاقوامی سرحد پر جموں میں دو سمارٹ فنسنگ پروجیکٹوں کو منظوری دی گئی جس کا افتتاح 17ستمبر کو وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کیا ۔یہ سمارٹ فنسنگ پروجیکٹ ’کمپریہنسو انٹیگریٹیڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم ‘کے تحت تعمیر کئے جارہے ہیں اور یہ پروجیکٹ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے ۔
لداخ پہاڑی ترقیاتی کونسل کی بااختیاری
اس رپورٹ میں لہیہ و کرگل کیلئے پہاڑی ترقیاتی کونسلوں کو دیئے گئے اختیارات کا ذکر بھی کیاگیاہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ اختیارات ملنے کے بعد یہ کونسلیں ملک بھر میں سب سے بااختیار کونسلیں بن گئی ہیں اوراس سے لداخ خطے کے عوامی مسائل حل کرنے میں آسانی ہوگی ۔
ایس پی اوز کے مشاہرے میں اضافہ
وزارت داخلہ نے اپنی رپورٹ میں سپیشل پولیس افسران(ایس پی اوز )کے ماہانہ مشاہرے میں اضافے کو اہم اقدام قرار دیاہے ۔ رپورٹ کے مطابق پانچ سال مکمل کرنے والے ایس پی اوز کا ماہانہ مشاہرہ چھ ہزار سے بڑھاکر نو ہزار روپے کیاگیاہے جبکہ پندرہ سال مکمل کرنے والے ایس پی اوز کا مشاہرہ بارہ ہزار روپے کردیاگیاہے ۔