جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ حکومت امن ، بھائی چارے اور ریاست کی مجموعی ترقی کے ایجنڈا کو عملانے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گی ۔ اس بات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ جموں میں وزارتی کونسل کی میٹنگ کی صدارت کے دوران کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کی مجموعی ترقی کیلئے ہر کسی کو دیانتداری کے ساتھ کام کرنا چاہیے اور لوگوں تک پہنچ کر انہیں راحت مہیا کی جانی چاہئے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترقی کا ایجنڈا عملانا حکومت کی ترجیح ہے اور بہتر ، شفاف اور رشوت سے پاک انتظامیہ کی فراہمی کی جانب خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے ۔ محبوبہ مفتی نے محکموں کے مابین مضبوط تال میل پر زور دیتے ہوئے بہتر انداز میں خدمات فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ میٹنگ میں مختلف محکموں کی کارکردگی میں بہتری لانے کے تعلق سے وزراء کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میٹنگ میں ریاست کے تینوں خطوں کی مجموعی ترقی کیلئے کئے جا رہے اقدامات پر غور و خوض کیا گیا ۔ اس ضمن میں وادی میں جاری مختلف تعمیراتی پروجیکٹوں پر خاص طور سے بحث و مباحثہ کیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ نے مختلف پروجیکٹوں خصوصاً ٹینڈر اجراء کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت دی ۔ محبوبہ مفتی نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے تعاون سے شروع کی گئی سکیموں کی موثر عمل آوری پر زور دیا ۔