ماسکو/ لیونل میسی نے ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ پر غور شروع کردیا۔ارجنٹائن کی ٹیم گزشتہ دن میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے روس پہنچ گئی، اسٹار پلیئر کو ورلڈ کپ کے بعد ملک کی نمائندگی جاری رکھ پانے پر غیریقینی سے دوچار ہیں، وہ اس سے قبل 2016 میں بھی انٹرنیشنل فٹبال سے دور ہوئے تھے لیکن پھر عوامی دبائو کے پیش نظر انھیں اپنا فیصلہ تبدیل کرنا پڑگیا تھا، 2014 کے فائنل میں جرمن ٹیم نے ارجنٹائن کو شکست سے دوچار کیا تھا۔میسی نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ میرا مستقبل کیا ہوگا لیکن اس کا انحصار حالیہ ایونٹ میں ہماری پرفارمنس پر ہوگا، ارجنٹائن کی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 16 جون کو ماسکومیں آئس لینڈ کیخلاف کرے گی۔دوسری جانب کرسٹیانو رونالڈو، نیمار محمد صالح، مسعود اوزل، پال پوگبا، گریزمین، ڈیوڈ سلوا، ہیمز روڈریگوئز جیسے کھلاڑی بھی روس پہنچ گئے ہیں۔ ورلڈ کپ فٹ بال کا جنون عروج پر ہے ۔ٹیموں کی روس آمد جاری ہے ۔ دو روز بعد کھیلوں کا سب سے بڑا فیسٹول ماسکو میں میزبان روس اور سعودی عرب کے درمیان میچ سے شروع ہوجائے گا۔ دنیا بھر کی نظریں اپنے فیورٹ اسٹار اور ٹیموں پر لگی ہوئی ہیں۔ کرسٹیانو رونالڈو کی یورپی چمپئن ٹیم پرتگال ، میسی کی ارجنٹینا، نیمار کی برازیل اور دفاعی چمپئن جرمنی سب ہی ٹائٹل کیلئے فیورٹس میں شامل ہیں۔مصر کی تمام ترامیدیں محمد صالح سے وابستہ ہیں، تاہم ان کی شرکت اب تک غیریقینی ہے ۔ مصری کھلاڑیوں نے روس پہنچ کر اتوار کو باقاعدہ پریکٹس کا آغاز کردیا لیکن صالح نے پریکٹس میں شرکت نہیں کی، تاہم وہ میگا ایونٹ میں کھیلنے کیلئے پرعزم ہیں۔