یو این آئی
پیرس/فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائنگ میچز میں فرانس اور آئس لینڈ کے درمیان میچ 2-2 گول سے برابری پر ختم ہوگیا جبکہ جرمنی اور بیلجیم نے اپنے میچز جیت کر اگلے مرحلے کے لیے پوزیشن مضبوط کر لی۔اے ایف پی کے مطابق ریکجاوک، آئس لینڈمیں کھیلے گئے میچ میں فرانس کی ٹیم جو 2018 کی عالمی چیمپئن اور 2022 کے ورلڈ کپ کی رنر اپ رہی ہے ، اہم کھلاڑیوں جیسا کہ کیلین ایمباپے اور عثمان ڈیمبیلے کی عدم موجودگی میں میدان میں اتری ۔آئس لینڈ نے پہلے ہاف کے اختتام پر وِکٹر پالسن کے گول سے فرانس کے خلاف 0-1 گول کی برتری حاصل کی مگر پہلے ہاف کے بعد فرانس نے کرسٹوفر نکونکو اور جین فلیپ ماتیتا کے باترتیب 63 اور 68 ویں منٹ پر کیے گولز سے میچ میں آئس لینڈ کے خلاف 1-2 کی برتری حاصل کرلی ۔آئس لینڈ کے کرسٹین ہلن سون نے میچ کے 70 ویں منٹ میں ایک گول کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔ فرانس اگر یہ میچ جیت لیتا اور یوکرین آذربائیجان کو نہ ہرا پاتا تو وہ ورلڈ کپ 2026کے لیے کوالیفائی کر جاتا۔ لیکن یوکرین نے کراکو، پولینڈ میں کھیلے گئے میچ میں 1-2 سے کامیابی حاصل کی۔ فرانس اب بھی گروپ ڈی میں تین پوائنٹس کی برتری کے ساتھ سرِفہرست ہے اور آئندہ ماہ یوکرین کے خلاف پیرس میں فتح اسے براہِ راست کوالیفائی کرا سکتی ہے ۔ادھر جرمنی نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد ناردرن آئرلینڈ کو 0-1 سے شکست دی۔ جرمنی کے نِک وولٹے میڈے نے واحد اور فیصلہ کن گول سکور کیا۔یہ جرمنی کی مسلسل تیسری فتح ہے اور وہ گروپ اے میں سرفہرست ہے ۔