یواین آئی
ملبورن+کیپ ٹاؤن/آسٹریلیا نے منگل کے روز جنوبی افریقہ کے خلاف 11 جون سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل کے لیے پیٹ کمنز کی قیادت میں 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے ۔سلیکٹرز نے انجری سے صحت یاب ہونے والے تیز گیند باز جوش ہیزل ووڈ اور آل راؤنڈر کیمرون گرین کو ٹیم میں شامل کیا ہے ۔ ٹیم میں مچل اسٹارک، ا سکاٹ بولینڈ اور تجربہ کار بلے بازوں کے طور پر عثمان خواجہ، مارنس لیبوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ اور وکٹ کیپر ایلکس کیری کو جگہ دی گئی ہے ۔ جوش انگلس کو بھی بیک اپ وکٹ کیپر کے طور پر شامل کیا گیا ہے ، جبکہ نوجوان بلے باز سیم کونسٹاس کو بھی ٹیم میں جگہ ملی ہے ۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر میٹ کوہنیمن کو اسپن آپشن کے طور پر ناتھن لیون کے ساتھ شامل کیا گیا ہے ۔آسٹریلیائی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین جارج بیلی نے کہا، “یہ ایک متوازن اور تجربہ کار ٹیم ہے ، اور ہم خوش قسمت ہیں کہ پیٹ، جوش اور کیم فٹ ہو کر واپس آئے ہیں۔ ٹیم ڈبلیو ٹی سی ٹائٹل کے دفاع اور لارڈز میں جنوبی افریقی ٹیم کا مقابلہ کرنے کے لیے پرجوش ہے ۔”ڈبلیو ٹی سی فائنل کے لیے آسٹریلوی ٹیم اس طرح ہے :پیٹ کمنز (کپتان)،ا سکاٹ بولینڈ، ایلکس کیری، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، عثمان خواجہ، سیم کونسٹاس، میٹ کوہنیمن، مارنس لیبوشین، ناتھن لیون، اسٹیو اسمتھ (نائب کپتان)، مچل اسٹارک اور بیو ویبسٹر۔ادھر جنوبی افریقہ نے منگل کو لارڈز میں ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا۔جنوبی افریقی سلیکٹرز نے آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میچ کے لیے ٹیم کی قیادت آج ٹیمبا باووما کو سونپی۔ جنوبی افریقہ نے پاکستان کے ساتھ ہونے والی ٹیسٹ سیریز والی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے باقی تمام کھلاڑیوں کو ٹیم میں جگہ دی ہے ، لیکن کوینا مفاکا اور میتھیو بریٹزکے کو ٹیم سے باہر رکھا ہے۔ چوٹ سے صحت یاب ہونے کے بعد لنگی اینگیدی کی ٹیم میں واپسی سے گیند بازی کی دھار اور تیز ہو جائے گی۔ ٹونی ڈی زورزی، ریان رکیلٹن اور ایڈن مارکریم ٹاپ آرڈر کے بیٹنگ آپشنز ہیں، جبکہ ابھرتے ستارے ٹرسٹن اسٹبس، ڈیوڈ بیڈنگھم اور باووما مڈل آرڈر کی کمان سنبھالیں گے ۔ کائل ویرین وکٹ کے پیچھے اپنا جوہر دکھائیں گے ۔گیند بازی کی بات کی جائے تو ملڈر اور جینسن کے ساتھ کیگسو ربادا، اینگیدی، ڈین پیٹرسن اور کوربن بوش کی تیز گیند بازی کی ذمہ داری ہوگی۔ کیشو مہاراج اور سینوران متھوسامی کو اسپن گیند باز کے طور پر ٹیم میں جگہ دی گئی ہے ۔ٹیم کے بارے میں ہیڈ کوچ شکری کنراڈ کا ماننا ہے کہ اس ٹیم نے انگلش حالات میں جنوبی افریقہ کے لیے ہر طرح کی تیاریاں کی ہیں اور یہ ایک متوازن ٹیم ہے ۔کنراڈ نے کہا، “سب سے پہلے ، میں اس ٹیم کے لیے منتخب ہونے والے ہر کھلاڑی کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ اس گروپ کے لیے ڈبلیو ٹی سی فائنل میں حصہ لینا ایک خاص لمحہ ہے ۔ گزشتہ 18 ماہ میں، ہم نے ایک چیلنجنگ ریڈ بال ٹیم بنانے کے لیے سخت محنت کی ہے ، اور یہ کامیابی اس ترقی کو ظاہر کرتی ہے ۔”ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میچ کے لیے جنوبی افریقہ کی ٹیم اس طرح ہے : ٹیمبا باووما (کپتان)، ٹونی ڈی زورزی، ایڈن مارکریم، ویان ملڈر، مارکو جینسن، کیگسو ربادا، کیشو مہاراج، لنگی اینگیدی، کوربن بوش، کائل ویرین، ڈیوڈ بیڈنگھم، ٹرسٹن اسٹبس، ریان رکیلٹن، سینوران متھوسامی اور ڈین پیٹرسن۔