نئی دہلی/ ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ میں پہلی بار کوئی سیریز جیتنے کی تاریخ رقم کرنے کے ساتھ ہی ریکارڈز کا زبردست دھماکہ بھی کر ڈالا۔ وراٹ نے سینچورین میں جمعہ کو آخری میچ میں ناٹ آؤٹ 129 رنز کی اننگز کھیل کر ہندستان کو آٹھ وکٹ سے جیت دلائی اور اس کارکردگی کے لئے مین آف دی میچ بنے ۔وراٹ کی یہ 35 ویں سنچری تھی وراٹ نے چھ میچوں کی سیریز میں تین سنچری، 186.00 کے اوسط اور 99.46 کے اسٹرائک ریٹ سے 558 رن بنائے جو ایک دو طرفہ سیریز میں کسی بھی بلے باز کی طرف سے بنائے گئے سب سے زیادہ رن ہیں ۔ وراٹ کی غیر معمولی کارکردگی کے لئے انہیں مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی ملا۔ وراٹ نے ون ڈے سیریز میں تیسری سنچری لگائی۔اس کے ساتھ جنوبی افریقہ میں اسی کے گھر میں سب سے زیادہ سنچری بنانے والے معاملے میں وہ سابق کپتان سورو گنگولی کے ساتھ مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر جا پہنچے ہیں۔دونوں کے نام تین تین سنچری ہیں۔ گنگولی نے 2003 میں جنوبی افریقہ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں تین سنچری بنائی تھیں ۔ وی وی ایس لکشمن نے آسٹریلیا میں 2004 میں بی بی سیریز میں تین سنچری بنائی تھیں ۔ وراٹ دو سیریز میں یہ کارنامہ کرنے والے اکلوتے بلے باز بن گئے ہیں۔ ہندوستانی کپتان غیر ملکی سرزمین پر سب سے زیادہ سنچری بنانے والے سری لنکا کے سابق کپتانوں سنت جے سوریہ اور کمار سنگاکارا کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ان سب کی 21 سنچری ہیں۔اس فہرست میں ون ڈے سنچریوں کے عالمی ریکارڈ حامل سچن تندولکر 29 سنچریوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ وراٹ غیر ملکی زمین پر بطور کپتان کسی دو طرفہ سیریز میں سب سے زیادہ سنچری بنانے والوں کی فہرست میں مشترکہ طور پر جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ولیرس کے ساتھ پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ان دونوں کے نام تین تین سنچری ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈی ولیرس نے ہندستان کے خلاف اور وراٹ نے جنوبی افریقہ کے خلاف یہ سنچری بنائی ہیں۔
بیوی نے اچھی کارکردگی کے لئے حوصلہ افزائی کی
سنچورین، 17 فروری (یو این آئی) ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی نے میزبان جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز میں شاندار کارکردگی کا سہرا اپنی بیوی انوشکا شرما کو دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس کے لئے میری بہت حوصلہ افزائی کی ۔ وراٹ نے جنوبی افریقہ کے خلاف جمعہ کی رات کھیلے گئے چھٹے اور آخری ایک روزہ میچ میں اپنے کیرئر کی 35 ویں سنچری بنائی۔ وراٹ کی اس سیریز میں یہ تیسری سنچری تھی۔ ان کے 129 (ناٹ آؤٹ) رنوں کی بدولت جنوبی افریقہ کو چھٹے اور آخری ایک روزہ میچ میں آٹھ وکٹ سے ہراکر سریز 1-5 سے جیت لی ۔ وراٹ نے میچ ختم ہونے کے بعدکہا یہ دورہ کافی نشیب و فراز سے بھرپور تھا۔ میدان کے باہر رہے لوگوں کو اس کا سہرا ملنا چاہئے ۔ خاص کر میری بیوی کو، جو میری مسلسل حوصلہ افزائی کرتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک کپتان ہونے کے ناطے ان پر کافی ذمہ داری عائد ہوجاتی ہے اورا س کے لئے آپ کو اس طرح کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پیش آتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میرے پاس کرکٹ کھیلنے کے لئے ابھی آٹھ نو سال اور باقی ہیں اور میں اس سے زیادہ بہتر کارکردگی پیش کرنا چاہتا ہوں۔