نئی دہلی/ رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی اور گجرات لائنز کے کپتان سریش رینا میں آئی پی ایل میں سب سے زیادہ رن بنانے والا بلے باز بننے کی زبردست دوڑ چل رہی ہے ۔وراٹ اور رینا کے درمیان آئی پی ایل 10 میں کافی نزدیکی مقابلہ چل رہا ہے ۔ آئی پی ایل 10 شروع کرنے سے قبل وراٹ اس ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز تھے جبکہ رینا دوسرے نمبر پر تھے ۔ وراٹ اپنے کندھے کی چوٹ کی وجہ ابتدائی میچوں میں نہیں کھیل پائے تھے جس سے رینا کو ان سے آگے نکلنے کا موقع مل گیا لیکن وراٹ نے ٹورنامنٹ میں واپس لوٹتے ہوئے پھر سے ٹاپ پر جگہ بنالی۔بنگلور کے کپتان وراٹ کے 142 میچوں سے 4264 رن ہیں جس میں چار سنچری اور 28 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ رینا کے 152 میچوں سے 4257 رن ہیں جس میں ایک سنچری اور 29 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ دونوں کے درمیان اس وقت صرف سات رن کا فاصلہ ہے ۔اگر آئی پی ایل 10 کو بھی دیکھا جائے تو رینا نے پانچ میچوں میں 159 رن اور وراٹ نے تین میچوں میں 154 رن بنائے ہیں یعنی یہاں بھی ان کے درمیان صرف پانچ رنوں کی دوری ہے ۔دونوں میں با¶نڈری کے تعلق سے بھی کافی نزدیکی یکسانیت پائی جاتی ہے ۔ وراٹ نے جہاں 374 چوکے اور 152 چھکے مارے ہیں وہیں رینا نے 375 چوکے اور 163 چھکے لگائے ہیں۔ دونوں بلے بازوں کا اسٹرائک ریٹ بھی کافی حد تک ایک جیسا ہے ۔ وراٹ کا اسٹرائک ریٹ 130.51 جبکہ رینا کا اسٹرائک ریٹ 138.39 ہے ۔ جہاں وراٹ کا اوسط 38.41 ہے تو وہیں رینا کا اوسط 34.05 ہے ۔یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ دونوں اب تک آئی پی ایل میں 23-23 بار ناٹ آ¶ٹ رہے ہیں۔ صفر کی صورت میں وراٹ پانچ بار اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے جبکہ سات بار رینا کا کھاتہ نہیں کھلا۔آئی پی ایل کی تاریخ میں 4000 سے زیادہ رن بنانے والے صرف یہی دو بلے باز ہیں۔ اس کلب میں ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما، دہلی ڈیئر ڈیولس کے کپتان گوتم گمبھیر اور سن رائزرس حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر شامل ہو سکتے ہیں۔ روہت نے 147 میچوں میں 3923 رن، گمبھیر نے 137 میچوں میں 3830 رن اور وارنر نے 105 میچوں میں 3608 رن بنائے ہیں۔آئی پی ایل کی تاریخ میں رینا واحد ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے 150 میچ پورے کرلئے ہیں۔ رینا کے اس کلب میں روہت (147) اور رائزنگ پونے سپرجائٹس کے مہندر سنگھ دھونی (148) جلد ہی شامل ہو سکتے ہیں۔یو این آئی۔