پلوامہ/ / گورنر کے مشیر کے وجے کمار نے پلوامہ کا دورہ کر کے ضلع کے ترقیاتی منظرنامے اور مجموعی امن و قانون کی صورتحال کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے ضلع اور پولیس افسروں کے ساتھ الگ الگ میٹنگوں کے دوران ترقیاتی اور سکیورٹی صورتحال کا جائیزہ لیا۔چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم، ڈی جی پی ڈاکٹر ایس پی وید، آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی، ڈی آئی جی ایس کے آر امت کمار، ڈی سی پلوامہ جی ایم ڈار، ایس ایس پی پلوامہ محمد اسلم اور کئی دیگر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔ڈی سی پلوامہ نے ضلع کے ترقیاتی منظرنامے کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے باغبانی، زراعت، تعلیم، بجلی اور صحت جیسے سیکٹروں کو فروغ دینے کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں۔مشیر نے کہا کہ لوگوں کی سماجی و اقتصادی صورتحال بہتر بنانے کے لئے انتظامیہ کو ایک اہم رول ادا کرنا چاہئے۔ریاست میں آنے والے پنچائتی انتخابات کے بارے میں مشیر موصوف نے افسروں سے کہا کہ وہ ان انتخابات کے انعقاد کے لئے متحرک ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنچائتی انتخابات کی بدولت خود حکمرانی کے اداروں کو بحال کرنے میں مدد ملے گی اور ترقیاتی کاموں کو تقویت بخشنے کی طرف بھی توجہ مرکوز ہوگی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ ضلع پلوامہ ہر ایک شعبہ میں آگے بڑھ رہا ہے تا ہم معیار کی بلندیوں تک پہنچنے کے لئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔انہوں نے اہداف کو معیاد بند مدت کے اندر مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگلے برس تک ضلع کے ہر ایک گھر تک بجلی پہنچائی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم اے وائی، اجولا اور دیگر سکیموں کے تحت کاموں کو مکمل کیا جانا چاہئے۔چیف سیکرٹری نے ڈی سی سے کہا کہ وہ زراعت اور باغبانی شعبۂ کو بڑھاوا دینے کے لئے اپنی آرا سامنے رکھیں۔اس سے قبل کے وجے کمار نے سینئر پولیس افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران ضلع کی مجموعی امن و قانون کی صورتحال کا جائزہ لیا۔آئی جی پی کشمیر نے مشیر اور چیف سیکرٹری کو موجودہ سلامتی صورتحال کے بارے میں جانکاری دی اور پولیس و عوام کے مابین رشتوں کو مستحکم کرنے کے اقدامات سے بھی روشناس کیا۔مشیر موصوف نے کہا کہ لوگوں میں سلامتی کے احساس کو بڑھاوا دیا جانا چاہئے تا کہ ترقیاتی عمل کو آگے بڑھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی عملہ مختلف چیلنجوں کے باوجود بخوبی اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔بعد میں ضلع ہیڈ کوارٹر پر فروٹ گرؤرس ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے مشیر کے ساتھ ملاقات کی۔