فیاض بخاری
بارہمولہ//وتر گام رفیع آباد میں ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملی ٹینٹ کی ہلاکت اورفائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ سہ پہر 3بجکر 10منٹ پر وتر گام رفیع آباد پل پر پولیس نے 32آر آر کیساتھ ایک ناکہ لگایا اور گاڑیوں کی چیکنگ شروع کی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ اس دوران ایک موٹر سائیکل پر دو ملی ٹینٹوں نے چیکنگ سکارڈ کو دور سے دیکھا اور بھاگنے کی کوشش کی لیکن سیکورٹی عملے نے ان پر فائر کھول دیا جس کے بعد طرفین میں گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا جس میں ایک ملی ٹینٹ زخمی ہوا اور میوہ باغات کی آڑ میں فرار ہونے لگا لیکن سیکورٹی عملے نے اسے گھیرے میں لیا ، جس کے بعدملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا د تبادلہ ہوا ۔ابتدائی فائرنگ میں ایک فوجی زخمی ہوا اور اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔واقعہ کے بعد ملی ٹینٹوں کیخلاف آپریشن کیا گیا جس کے دوران تلاشی کارروائی میں ایک ملی ٹینٹ کی لاش بر آمد کی گئی ۔اس موقعہ پر وتر گام سوپور اور کپوارہ روڑ پر ٹریفک کی نقل و حرکت روک دی گئی اور سیکورٹی فورسز کی مزید کمک پہنچ گئی جنہوں نے علاقے میں موجود ممکنہ ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کیلئے آپریشن کیا۔کئی گھنٹوں تک تلاشی کارروائی کے بعد شام کے وقت آپریشن اختتام پذیر ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ملی ٹینٹ کی شناخت اور گروپ سے وابستگی کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔تاہم ذرائع نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹ کی شناخت رات دیر گئے عادل احمد دانتھو ولد عبدالرحمان دانتھو ساکن گلاب باغ آرم پورہ سوپور کے طور پر کی گئی۔پولیس نے مزید کہا کہ فائرنگ کے تبادلے کے مقام سے ایک پستول کے ساتھ کچھ رانڈئوز اور ایک گرینیڈ برآمد کیا گیا ۔