اننت ناگ//براکہ پورہ بلبل نوگام اور دیالگام کے درمیان ایک کھلے کھیت میں جھڑپ کے دوران 3جنگجو جاں بحق ہوئے۔پولیس نے بتایا کہ سوموار کی شام دیر گئے 19آر آر نے دیالگام اور براکہ پورہ کے درمیانی راستے میں وتر گام کے کھلے کھیت میںایک جگہ گھات لگایا تھا جہاں سے انہیں معلوم ہوا تھا کہ جنگجوئوں کا گذر ہونے والا ہے۔پولیس کا مزید کہنا ہے کہ شام دیر گئے جب وہاں سے تین جنگجوئوں کا گذر ہوا جنہیں فوجی اہلکاروں نے چلینج کیا لیکن جنگجوئوں نے ان پر فائر کھول دیا جس کے بعدطرفین کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی جو کافی دیر تک جاری رہی۔گولیوں کے تبادلے کے دوران ابتدا ہی میں دو جنگجو مارے گئے جبکہ بعد میں تیسرا جنگجو بھی جاں بحق ہوا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مارے گئے تین جنگجوئوں میں ایک غیر ملکی تھا جو اس وقت جنگجوئوں کیساتھ مشن پر تھا۔ابتدائی طور پر بتایا گیا ہے کہ مارے گئے جنگجوئوں میں لشکر ضلع کمانڈرشوکت لوہار عرف ابوجبران بھی ہے جو کوکرناگ کا رہنے تھا۔اسے بشیر لشکری کے بعد لشکر کا ضلع کمانڈر بنایا گیا تھا۔ جبکہ دوسرے جنگجو کی شناخت مدثر حجام ساکن کوکر ناگ کے طور پر ہوئی۔مذکورہ جنگجو حال ہی میں جننگجوئوں کی صف میں شامل ہوا تھا۔تیسرے جنگجو کی شناخت نہیں ہوسکی ہے جو غیر ملکی بتایا جاتا ہے۔