سرینگر // سٹھسو کلاں نوگام میں جھڑپ کے 3روز بعد جنگجوئوں نے اسکے قریبی علاقے واگورہ نوگام میں ’گرڈ اسٹیشن ‘کی حفاظت پر مامور ’سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس ( CISF) کی پوسٹ پر فائرنگ کی، جسکے نتیجے میں ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر ہلاک ہوا ۔یاد رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات نوگام علاقے میں ایک خونین معرکہ آرائی میں اسکالر سبزار احمد سمیت 2جنگجو جاں بحق ہوئے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہجنگجوئوں نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب مضافاتی علاقہ واگورہ نوگام میں قائم’’سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس‘‘ (CISF ) کی پوسٹ پر حملہ کیا۔ رات کے ایک بجے کے قریب مسلح جنگجوئوںنے یہاں قائم مذکورہ فورسز اہلکاروں کے قائم کردہ پوسٹ پر اندھادھند فائرنگ کی ۔ جنگجوئوں کی فائرنگ کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر شدید زخمی ہوا ،جسے نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا ،جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔مہلوک افسر کی شناخت راجندرپرساد کے بطور ہوئی ۔ادھر جیش محمد نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ۔تنظیم کے ترجمان نے کہا کہ کیمپ پر گرینیڈ داغے گئے اور سنپیئر رائفل سے فائرنگ کی جسکے نتیجے میں فورسز کا ایک افسر ہلاک اور دیگرکئی اہلکارزخمی ہوئے ۔پولیس ترجمان کی جانب سے واقعہ کی نسبت جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق 26اور27اکتوبر کی درمیانی رات کو عسکریت پسندوں نے ’’گریڈ اسٹیشن واگورہ نوگام‘‘ میں اندھا دھند فائرنگ شروع کی، چنانچہ حفاظت پر مامورسنتری نے حملے کو ناکام بنایا۔انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے اس واقعے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر راجندر پرساد زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ادھر ڈسٹرکٹ پولیس لائنز شوپیان پر سنیچر شام دیر گئے جنگجوئوں نے حملہ کرنے کی کوشش کی،تاہم پولیس نے جونہی مشتبہ حرکت دیکھی تو انہوں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں جنگجو فرار ہوئے۔